پشاور ہائیکورٹ؛ پی ٹی آئی کے گرفتار مزید 23 کارکنوں کی رہائی کے احکامات

pti protest1771083782 0



پشاورہائی کورٹ نے 3 ایم پی او کے تحت گرفتار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مزید 23 کارکنوں کو عبوری ریلیف دیتے ہوئے ان کی رہائی کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسداللہ اور جسٹس انعام اللہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اکبر شیر، شہزاد، رضااللہ، ثاقب، احسان اللہ، مومن خان سمیت 23 درخواست گزاروں کی 3 ایم پی او کے تحت گرفتاری کے خلا ف دائر رٹ پٹیشن پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکلا یاسر خٹک اور اظہر رحیم خان، ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا ثنااللہ اور متعلقہ افسران بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

پشاور ہائی کورٹ کے حکم نامے کے مطابق گزشتہ سماعت پر ڈپٹی کمشنر مردان کو نوٹس جاری کیا گیا تھا کہ وہ اس حوالے جواب جمع کریں کہ ان افراد کو کیوں اور کن حالات کی وجہ سے جیل میں ڈالا گیا ہے تاہم اس کے باوجود تاحال فریقین کی جانب سے رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی ہے۔

عدالت نے کہا کہ رپورٹ کی عدم دستیابی کے باعث عدالت کے پاس دوسرا آپشن نہیں رہتا کہ وہ موجودہ ریکارڈ کو دیکھے اور انہیں ریلیف فراہم کرے۔

عدالت نے قرار دیا کہ اس سے قبل بھی اسی نوعیت کے کیس میں درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے لہٰذا ان درخواست گزاروں کو بھی عبوری ریلیف فراہم کیاجاتا ہے اور ہر پٹیشنر کو ایک لاکھ دو نفری ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیاجاتا ہے۔

پشاور ہائی کورٹ نے یہ بھی قرار دیا ہے کہ مذکورہ کیس عدالت میں میرٹ پر زیرسماعت رہے گا اور ڈپٹی کمشنر کو رپورٹ اور ریکارڈ جمع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت 12نومبر تک ملتوی کردی ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ