پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے 2024 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کا ذمہ دار انہیں ٹھہرائے جانے پر ناقدین کو کرارا جواب دے دیا۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے 28 سالہ اعظم خان نے کہا کہ پورے ٹورنامنٹ کی ناکامی کا ملبہ ان پر ڈالنا ناانصافی تھی کیونکہ انہوں نے ایونٹ میں صرف ایک میچ کھیلا اور محض ایک گیند کا سامنا کیا۔
اعظم خان کا کہنا تھا کہ ان کی فٹنس اور کھیلنے کی صلاحیت پر سوال اٹھانے والے یہ بھی دیکھیں کہ بھارت کے خلاف پاکستان کے دیگر فٹ اور بہترین کھلاڑی 120 رنز کا ہدف بھی حاصل نہیں کرسکے تھے۔
واضح رہے کہ 9 جون 2024 کو نیویارک میں بھارت نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دی تھی۔
بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 119 رنز بنائے تھے اور پاکستان کے پاس میچ با آسانی جیتنے کا سنہری موقع تھا تاہم پاکستان ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 113 رنز بنا سکی۔
جسپریت بمراہ نے 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اعظم خان نے امریکا کے خلاف افتتاحی میچ میں گولڈن ڈک پر آؤٹ ہونے کے بعد ٹورنامنٹ میں مزید کوئی میچ نہیں کھیلا جبکہ پاکستان گروپ مرحلے سے آگے بڑھنے میں بھی ناکام رہا تھا۔

