کینبرا: آسٹریلیا کی ہائی کورٹ نے "ون نیشن” پارٹی کی لیڈر پولین ہینسن کی اس اپیل پر سماعت کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، جو انہوں نے گرینز سینیٹر مہرین فاروقی کی نسلی توہین کرنے کا مرتکب قرار دیے جانے کے فیصلے کے خلاف دائر کی تھی۔ عدالت نے جمعرات کو انہیں اپیل دائر کرنے کی خصوصی اجازت دے دی۔
تنازع ستمبر 2022 میں ملکہ الزبتھ دوم کی وفات کے بعد شروع ہوا، جب فاروقی نے ٹویٹ کیا کہ وہ مقبوضہ اور محکوم اقوام کی چھینی گئی جانوں، زمینوں اور دولت پر قائم "نسل پرست سلطنت” کی سربراہ کا سوگ نہیں منا سکتیں۔ جواب میں ہینسن نے فاروقی سے کہا کہ وہ اپنا بوریا بستر باندھ کر واپس پاکستان چلی جائیں، اور یہ بھی کہا کہ فاروقی نے ہجرت کے بعد آسٹریلیا سے ہر ممکن فائدہ اٹھایا ہے۔
نومبر 2024 میں جسٹس اینگس اسٹیورٹ نے فیصلہ دیا کہ ہینسن کا ٹویٹ غیر قانونی تھا، کیونکہ اس میں فاروقی کو ایسے "درجہ دوم کے شہری” کے طور پر پیش کیا گیا جسے شکر گزار اور خاموش رہنا چاہیے۔ انہوں نے "واپس چلے جاؤ” کے جملے کو نسل پرستانہ فرسودہ خیال اور نسل پرستی کی شدید شکل قرار دیا، اور کہا کہ ہینسن کی مقبولیت نے ممکنہ طور پر دوسروں کو بھی ایسے یا اس سے بدتر تبصروں کی ترغیب دی ہوگی۔ جج نے منصفانہ تبصرے کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے ٹویٹ کو غصے پر مبنی ذاتی حملہ قرار دیا۔ رواں سال جولائی میں فیڈرل کورٹ کے تین ججوں میلیسا پیری، جیفری کینیٹ اور الزبتھ بینیٹ نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ برقرار رکھا۔
اب ہائی کورٹ یہ طے کرے گی کہ آیا ہینسن کے تبصروں نے نسلی امتیازی سلوک کے قانون کی خلاف ورزی کی ہے، اور یہ بھی دیکھے گی کہ کیا فیڈرل کورٹ کے فیصلے نے ان کی سیاسی رابطے کی مضمر آزادی میں مداخلت کی ہے۔ قانون کی دفعہ 18C کسی شخص کی نسل، رنگ، یا قومی یا نسلی بنیاد پر اسے ناراض کرنے، توہین کرنے، ذلیل کرنے یا خوفزدہ کرنے کو غیر قانونی قرار دیتی ہے۔
72 سالہ ہینسن نے کہا کہ یہ مقدمہ "مجھ سے اور ایک ٹویٹ سے کہیں بڑا ہے” اور آسٹریلوی شہریوں کو خوفزدہ ہو کر خاموش رہنے کے بجائے اپنے خیالات کے اظہار کی آزادی ہونی چاہیے۔ فاروقی نے "لے آؤ، میں تیار ہوں” کہہ کر ردِعمل دیا اور کہا کہ اعلیٰ ترین عدالت اب ایک بار اور ہمیشہ کے لیے طے کر سکتی ہے کہ آسٹریلیا میں لوگ نسل پرستی کے خلاف محفوظ ہیں۔ ان کے مطابق غیر سفید فام افراد، تارکینِ وطن اور مسلمان محفوظ محسوس کرنے کے حقدار ہیں۔
اٹارنی جنرل مشیل رولینڈ کے ترجمان نے کہا کہ دفعہ 18C سماجی ہم آہنگی کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے، تاہم معاملہ عدالت کے روبرو ہونے کے باعث مزید تبصرہ مناسب نہیں۔

