برطانوی شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل کے 82 سالہ والد تھامس مارکل کو امریکی ریاست فلوریڈا میں بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق تصاویر رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
برطانوی اور امریکی میڈیا کے مطابق ایف بی آئی اہلکاروں نے جمعے کو لیک لینڈ شہر میں واقع ریٹائرمنٹ ہوم سے تھامس مارکل کو حراست میں لیا۔ ڈیلی میل نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ان پر بچوں کے جنسی استحصال کی تصاویر رکھنے کا الزام ہے، تاہم ایف بی آئی نے اس حوالے سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
رپورٹس کے مطابق اس سے قبل فلپائن میں ان کے سابقہ گھر اور میکسیکو میں کرائے پر لیے گئے اسٹوریج یونٹ سے بھی مبینہ طور پر ایسی تصاویر ملی تھیں۔ گزشتہ ماہ ان کے بیٹے تھامس مارکل جونیئر نے فلپائن میں والد کے سابقہ گھر سے ملنے والے ڈبوں کی تلاشی کے دوران یہ تصاویر ڈھونڈ نکالی تھیں۔
میگھن مارکل نے گزشتہ ماہ ان الزامات پر گہری تشویش کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ سابقہ پریشان کن الزامات کے باعث انہوں نے اپنے بچوں کا اپنے والد سے رابطہ منقطع کر دیا ہے۔
تھامس مارکل رواں سال فلپائن کے شہر سیبو سے امریکا واپس منتقل ہوئے تھے۔ میگھن اور شہزادہ ہیری نے مئی 2018 میں ونڈسر کیسل میں شادی کی تھی جبکہ 2020 میں شاہی ذمہ داریاں چھوڑ کر برطانیہ سے منتقل ہوگئے تھے۔

