
(ویب ڈیسک) ایران نے اپنے نیوکلئیر پروگرام پر بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے اور جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں پیشرفت کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
امریکہ کی نیوز آؤٹ لیٹ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق مذاکرات سے باخبر ایک سفارت کار کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران جنگ کے خاتمے کی کوششوں میں ایک ممکنہ پیشرفت کے قریب پہنچ رہے ہیں اور ایران نے اپنے جوہری پروگرام سے متعلق ان امور پر بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کر دی ہے جو اس سے قبل ایجنڈے کا حصہ نہیں تھے۔
حساس معلومات ہونے کی وجہ سے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر مذکورہ سفارت کار نے بتایا کہ ایران اپنی ایٹمی سرگرمیوں سے متعلق قطر کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔
بلومبرگ کے مطابق اس مسئلے پر کوئی بھی رعایت مذاکرات میں ایک اہم اور بڑی پیشرفت کا سبب بن سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ہائی ٹیک کمپنیوں کے کھربوں ڈالر ہوا میں اُڑ گئے، سٹاک مارکیٹوں میں کہرام
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کے حوالے سے امیر قطر سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔
یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ صدر ٹرمپ اس جنگ کو ختم کرنے کے خواہاں ہیں جس کی وجہ سے رواں ہفتے ہونے والے امریکی مڈٹرم انتخابات میں ان کی ریپبلکن پارٹی کو ڈیموکریٹس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
صدر ٹرمپ طویل عرصے سے یہ کہتے آئے ہیں کہ اس جنگ کا بنیادی مقصد ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنا تھا۔ اگرچہ ایران کا ہمیشہ سے یہ مؤقف رہا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام غیر فوجی مقاصد کے لیے ہے لیکن ایران کی جانب سے مزید شفافیت کی اجازت دینے کا کوئی بھی وعدہ امن عمل کو آگے بڑھانے کے لیے کافی ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: امریکہ میں کیا ہونے والا ہے؟ اے آئی انڈسٹری اور بزنس کا کیا حال ہوگا؟

