امریکہ کا ایران کے جوہری پروگرام کی معلومات دینے پر ۲۰؍ ملین ڈالر انعام کا اعلان

iran nuclear d


واشنگٹن: امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے جمعہ کو اعلان کیا ہے کہ امریکہ ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں قابل اعتماد معلومات فراہم کرنے والوں کو ۲۰؍ ملین ڈالر تک کا انعام دے گا۔ اس انعام کے ساتھ مخبروں کو ممکنہ طور پر محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی سہولت بھی دی جائے گی۔
سینٹ کام نے ایکس پر اپنے سرکاری بیان میں کہا کہ یہ پیشکش امریکی محکمہ خارجہ کے پروگرام "ریوارڈز فار جسٹس” کے تحت کی جا رہی ہے۔ بیان کے مطابق یہ پروگرام ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں معلومات پر ۲۰؍ ملین ڈالر تک کا انعام اور ممکنہ منتقلی پیش کر رہا ہے۔
حکام کے مطابق مطلوبہ معلومات میں ایران کی جوہری تنصیبات، ان میں استعمال ہونے والا سامان، جوہری آلات کی تیاری اور تنصیب، اور پروگرام سے وابستہ اہلکاروں کی تفصیلات شامل ہو سکتی ہیں۔ اس میں سائنسی برادری سے تعلق رکھنے والے ماہرین، انجینئرز، محققین اور ان کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات بھی شامل ہیں۔ سینٹ کام نے اپنی پوسٹ میں ریوارڈز فار جسٹس کی سرکاری ویب سائٹ کا لنک بھی شیئر کیا ہے، جہاں دنیا بھر سے لوگ محفوظ طریقے سے معلومات جمع کرا سکتے ہیں۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ معلومات دینے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ اعلان ایسے وقت میں آیا ہے جب ایران کے جوہری پروگرام پر امریکہ اور اسرائیل کے تحفظات میں ایک بار پھر شدت آئی ہے۔ امریکہ کا دیرینہ موقف ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکا جانا چاہیے، جبکہ تہران کا کہنا ہے کہ اس کا پروگرام مکمل طور پر پرامن مقاصد، یعنی بجلی کی پیداوار، طبی تحقیق اور سائنسی ترقی کے لیے ہے۔
یہ پیشکش ایران اور مغربی ممالک کے درمیان جوہری مذاکرات میں تعطل اور خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں بھی اہم سمجھی جا رہی ہے۔ امریکی حکام کا ماننا ہے کہ اندرونی معلومات سے ایران کی خفیہ جوہری سرگرمیوں کو بے نقاب کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ واضح رہے کہ ریوارڈز فار جسٹس پروگرام اس سے قبل بھی دہشت گردی، سائبر حملوں اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے پروگراموں سے متعلق معلومات پر کروڑوں ڈالر کے انعامات کا اعلان کر چکا ہے۔

متعلقہ پوسٹ