ڈھاکا — بنگلادیش کی حکومت نے بھارت میں مقیم سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ بنگلادیش کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے کہا کہ ملک کسی “دہشت گرد” کو پاسپورٹ نہیں دیتا اور شیخ حسینہ کو “مفرور مجرم” قرار دیا۔
وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ بنگلادیش شیخ حسینہ واجد کو بھارت سے موجود حوالگی معاہدے کے تحت واپس لانا چاہتا ہے۔ ان کے مطابق مفرور ملزم کی واپسی کے لیے پاسپورٹ کی ضرورت نہیں، بلکہ قانونی حوالگی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق شیخ حسینہ واجد نے بھارت سے وطن واپسی کے لیے نئی دہلی میں بنگلادیشی سفارتخانے سے نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی درخواست کی تھی، جسے مسترد کر دیا گیا۔
شیخ حسینہ واجد کو بنگلادیش کی خصوصی عدالت نے غیر حاضری میں سزائے موت سنائی تھی، جبکہ انہوں نے اپنے خلاف الزامات کی تردید کی ہے اور واپس آ کر عدالت کا سامنا کرنے کا اظہار کیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد ڈھاکا اور نئی دہلی کے درمیان حوالگی کے معاملے کو مزید اہمیت مل گئی ہے۔

