لحدیدہ پر اسرائیلی بمباری کے بعد حوثیوں کا جوابی حملہ، اسرائیل پر پانچ ڈرون حملے

یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد حوثی گروپ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل کے اندر پانچ مختلف مقامات کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔حوثی گروپ کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ ان کی افواج نے بن گوریون ایئرپورٹ، ایلات بندرگاہ، رامون ہوائی اڈہ، اور یافا و اسدود کے علاقوں میں اہم اہداف پر پانچ ڈرونز سے حملے کیے۔ ان کے مطابق یہ کارروائی فلسطینی عوام سے یکجہتی اور اسرائیل کی بمباری کے جواب میں کی گئی۔اسرائیلی فوج نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ اس نے الحدیدہ بندرگاہ میں موجود انفراسٹرکچر، انجینئرنگ کا سامان، ایندھن کے ڈرمز اور سمندری ٹکڑوں کو نشانہ بنایا ہے۔ فوجی بیان کے مطابق پیر کے روز اسرائیلی فضائیہ نے الحدیدہ اور مغربی ساحلی علاقوں میں حوثی ٹھکانوں پر بمباری کی۔ایک حوثی عہدیدار کے مطابق، اسرائیلی حملے میں حال ہی میں دوبارہ تعمیر کی گئی ایک گودی (ڈاک) کو نشانہ بنایا گیا، جو بندرگاہ کے لیے نہایت اہمیت رکھتی ہے۔واضح رہے کہ دسمبر 2023 سے حوثی گروپ نے اسرائیل کے خلاف بحیرہ احمر میں اسرائیلی یا اسرائیل سے منسلک بحری جہازوں پر میزائل اور ڈرون حملے شروع کر رکھے ہیں۔ اسرائیل ان حملوں کے جواب میں یمن میں حوثیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں پر فضائی کارروائیاں کرتا آیا ہے۔اسرائیلی فوجی ریڈیو نے بھی یمن میں حوثی تنصیبات پر فضائی کارروائیوں کی تصدیق کی ہے۔ اس جاری کشیدگی نے خطے میں سکیورٹی صورتحال کو مزید غیر مستحکم کر دیا ہے اور بحری تجارت پر بھی اس کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

متعلقہ پوسٹ