سعودی عرب کے ایک اعلیٰ سطحی کاروباری وفد نے منگل کو کراچی بندرگاہ کے ترقیاتی منصوبوں، بحری شعبے میں سرمایہ کاری، ماحول دوست بندرگاہ کے اقدامات اور ٹرمینل کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے مطابق سعودی پاکستانی مشترکہ کاروباری کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے نو نومبر کو سعودی کاروباری شخصیات کے وفد کے ہمراہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے صدر دفتر اور ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینلز لمیٹڈ (SAPTL–HPH) کا دورہ کیا۔
دورے کا مقصد کراچی بندرگاہ پر سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینا اور بحری شعبے میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا تھا۔
چیئرمین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل شاہد احمد نے وفاقی سیکریٹری وزارت بحری امور کیپٹن محمد خرم آغا اور چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ کے ہمراہ سعودی وفد کا استقبال کیا۔
بعد ازاں ہونے والے اجلاس کی مشترکہ صدارت شہزادہ منصور اور وفاقی سیکریٹری وزارت بحری امور نے کی۔
اجلاس میں چیئرمین کے پی ٹی نے سعودی وفد کو کراچی بندرگاہ کی جدید کاری، مالی سال 2025-26 کے دوران ریکارڈ کارکردگی، ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں میں اضافے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
کے پی ٹی کے اعلامیے کے مطابق سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع میں بالخصوص 140 ایکڑ پر محیط مجوزہ میری ٹائم بزنس ڈسٹرکٹ اور منوڑہ شپ یارڈ کی ترقی کے منصوبے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سعودی وفد کو ایم 10 پورٹ لنک، کے پی ٹی۔پپری فریٹ کوریڈور، ایم ایل ون ریلوے رابطے اور ایسٹ ویسٹ وارفز کنیکٹیویٹی برج سمیت اہم رابطہ کاری کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے میری ٹائم بزنس ڈسٹرکٹ، ماحول دوست بندرگاہ کے اقدامات، ٹرمینل کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع اور رابطہ کاری کے منصوبوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے ان منصوبوں کو سعودی سرمایہ کاری اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان مشترکہ شراکت داری کے لیے اہم مواقع قرار دیا۔
سعودی وفد نے ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینلز کا بھی دورہ کیا، جہاں اسے ٹرمینل کی عملیاتی صلاحیتوں، بنیادی ڈھانچے اور جدید کارگو ہینڈلنگ سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
ترجمان کراچی پورٹ ٹرسٹ شارق فاروقی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ دورے کے دوران فی الحال کسی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط نہیں ہوئے۔
ان کے مطابق سعودی وفد نے کراچی بندرگاہ کے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کی جغرافیائی اہمیت اور سعودی سرمایہ کاری کے امکانات
کراچی چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر اسلم پکھالی کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے، خصوصاً توانائی، ٹیکسٹائل اور بندرگاہوں کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری سے پاکستان کی برآمدات اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ مل سکتا ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے اسلم پکھالی نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورت حال نے پاکستان، بالخصوص کراچی کی جغرافیائی اہمیت میں اضافہ کیا ہے اور سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک کے لیے پاکستان ایک اہم تجارتی راستہ بن سکتا ہے۔
ان کے مطابق خلیجی ممالک کو غذائی تحفظ (فوڈ سکیورٹی) کے حوالے سے درپیش خدشات کے تناظر میں پاکستان کی زرعی اجناس اور دیگر ضروری مصنوعات کی ترسیل کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
اسلم پکھالی نے کہا کہ کراچی سے عمان تک زرعی اجناس اور دیگر مصنوعات دو روز میں پہنچائی جا سکتی ہیں، جہاں سے انہیں خلیجی ممالک کی دوسری منڈیوں تک بھی منتقل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کا ایک اہم موقع موجود ہے اور دونوں ممالک کو اس سے باہمی فائدہ اٹھانے کی کوشش کرنی چاہیے۔
سعودی سرمایہ کاری اور ٹیکسٹائل کا شعبہ
اسلم پکھالی کے مطابق پاکستان کی برآمدات میں ٹیکسٹائل کا شعبہ اہم حیثیت رکھتا ہے، اس لیے سعودی سرمایہ کاری اس شعبے کے لیے بھی فائدہ مند ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصاً گارمنٹس کی صنعت اور توانائی کے شعبے میں سعودی سرمایہ کاری پاکستان کی صنعتی پیداوار اور برآمدی صلاحیت بڑھانے میں مدد دے سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عالمی منڈی میں اپنی مسابقت برقرار رکھنے کے لیے توانائی کی لاگت اور دیگر پیداواری مسائل پر بھی توجہ دینا ہوگی۔
کراچی کو علاقائی ٹرانس شپمنٹ مرکز بنانے کا موقع
اسلم پکھالی نے کہا کہ علاقائی کشیدگی کے دوران بعض بحری جہاز اپنی منزل تک نہیں پہنچ سکے اور ان کے کنٹینرز کراچی بندرگاہ پر اتارے گئے، جس سے پاکستان کی بندرگاہی سرگرمیوں کو فائدہ پہنچا۔
ان کے مطابق جنگ کے دوران کراچی بندرگاہ پر ٹرانس شپمنٹ کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے اور بعض اوقات یہ سرگرمیاں بندرگاہ کی موجودہ صلاحیت سے بھی بڑھ جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اب ایسی منصوبہ بندی کرنی چاہیے جس کے ذریعے جنگ کے خاتمے کے بعد بھی یہ تجارتی سرگرمیاں جاری رہیں اور کراچی کو خطے کا ایک اہم ٹرانس شپمنٹ اور لاجسٹکس مرکز بنایا جا سکے۔
اسلم پکھالی کے بقول سعودی سرمایہ کاری کے ذریعے بندرگاہوں، توانائی، ٹیکسٹائل اور دیگر صنعتی شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کیے جا سکتے ہیں، جن سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچنے کے امکانات ہیں۔

