ربیعہ احسن کیس، پستول غیر لائسنس شدہ تھا، ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ کرائیں گے: پولیس حکام

399814 1209520638


راولپنڈی پولیس کے اعلی عہدے دار نے منگل کو انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا ہے کہ پولیس نے ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

تفتیشی افسر منتظر عباس نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ وہ ’مقدمہ سے متعلق پیش رفت نہیں بتا سکتے تاہم ملزم کے پاس غیر لائسنس شدہ پستول تھا۔‘

اس سے قبل راولپنڈی کی مقامی عدالت نے منگل کو اینکر پرسن ربیعہ احسن کے کیس میں گرفتار ملزم احسن طاہر کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔

گذشتہ روز ربیعہ کے بھائی کی جانب سے مقدمہ واپس لینے کی خبریں سامنے آئیں تھیں۔ ترجمان راولپنڈی پولیس سجاد الحسن نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ پولیس کو تاحال درخواست گزار کی جانب سے ایسی کوئی چیز موصول نہیں ہوئی۔

منگل کو اینکرپرسن ربیعہ احسن کیس کے مرکزی ملزم احسن طاہر کو راولپنڈی کی مقامی عدالت کے سینئر سول جج نصر اللہ وٹو کے سامنے پیش کیا گیا۔

ملزم کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد جب اسے عدالت میں پیش کیا تو پولیس کی جانب سے مزید ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ بعد ازاں عدالت نے احسن طاہر کا مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔

دو روز قبل ربیعہ احسن کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں احسن طاہر کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 اور پنجاب آرمز ترمیمی آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

ربیعہ احسن کی موت سے متعلق فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق ’ربیعہ کی والدہ اور بہن گھر کے لان میں موجود تھیں جب کمرے سے گولی چلنے کی آواز آئی۔

ان کی بہن کمرے میں پہنچیں تو ربیعہ خون میں لت پت پڑی تھیں جبکہ ان کے شوہر کے ہاتھ میں پستول تھا۔‘

ابتدائی تفتیش میں احسن طاہر نے موقف اختیار کیا کہ ’الماری سے کپڑے نکالتے ہوئے پستول سے اتفاقی طور پر گولی چل گئی تھی۔‘

پولیس نے اتوار کو احسن کو گھر سے ربیعہ کی لاش ملنے کے بعد حراست میں لیا تھا۔

پولیس کے مطابق ربیعہ کے گلے کے نیچے گولی لگنے کا زخم تھا، جس کے بعد قتل کی تحقیقات شروع کی گئیں اور ان کے شوہر کو حراست میں لیا گیا۔

ربیعہ نیوز چینل 92 نیوز میں بطور اینکرپرسن کام کرتی تھیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مقامی میڈیا کے مطابق اتوار کو پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 302 (قتلِ عمد) اور پنجاب آرمز ترمیمی آرڈیننس 2015 کی دفعہ 2-اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

پیر کو پولیس نے احسن کو مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی درخواست کے ساتھ ایریا مجسٹریٹ طلعت وحید کی عدالت میں پیش کیا۔

راولپنڈی کے سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) حسن مشتاق سکھیرا نے اتوار کو صحافیوں کو بتایا تھا کہ فرانزک ٹیموں نے مبینہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے ہیں اور وہ اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے جس سے ربیعہ کی جان گئی۔

ربیعہ احسن کون ہیں؟

صوبہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والی ربیعہ احسن تقریبا 12 سال سے زائد عرصہ سے میڈیا سے منسلک تھیں۔

انعم افضل گذشتہ آٹھ برس سے ربیعہ احسن کی دوست ہیں۔ انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا: ’ربیعہ صرف ایک شو ہوسٹ نہیں کر رہی تھیں بلکہ وہ برطانوی ہائی کمیشن میں کام کے ساتھ اپنا کاروبار بھی چلا رہی تھیں۔‘

انعم بتاتی ہیں کہ ’سوشل میڈیا پر جو کہا جا رہا ہے کہ ان پر ذہنی تشدد کیا جاتا تھا، ربیعہ کبھی بھی تشدد برداشت نہیں کر سکتی۔ جو افراد اسے جانتے تھے وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ وہ دوسروں پر تشدد برداشت نہیں کر سکتی تھی تو اپنے اوپر کیا کرتی۔‘

انعم کے مطابق: ’ربیعہ کی والدہ نے مجھے بتایا کہ احسن نے ایسا نہیں کیا، یہ (گولی) غلطی سے چلی ہو گی۔ وہ موقع پر موجود تھیں۔ جب یہ واقعہ ہوا تو ربیعہ الماری سے سردیوں کے کپڑے نکال اور گرمیوں کے کپڑے الماری میں رکھ رہی تھیں۔ ان کی والدہ کا کہنا ہے کہ پرانی پستول الماری سے نکلی تھی۔‘

انعم نے مزید بتایا: ’ان کی بھابی کے مطابق پستول میں میگزین بھی نہیں تھا۔ چونکہ بچوں والا گھر ہے، لہذا پستول سے میگزین بھی نکال کر رکھا ہوا تھا۔ پستول کے اندر ایک گولی پھنسی ہوئی تھی جس کا احسن کو معلوم نہیں تھا۔‘





Source link

متعلقہ پوسٹ