
(ویب ڈیسک)ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق منگل کے روز اپنی رہائش گاہ پہنچ گئے جہاں وہ گھر پر نظر بندی کے تحت اپنی قید کی باقی مدت پوری کریں گے ،ریاستی سرمایہ کاری فنڈ ون ملائیشیا ڈیولپمنٹ برہاد (ون ایم ڈی بی) میں اربوں ڈالر کے کرپشن اسکینڈل میں ان کی چار سالہ قید کا مرحلہ ختم ہوگیا۔
غیرملکی میڈیا کےمطابق نجیب رزاق منگل کی شب پولیس کے حفاظتی حصار میں ایک گاڑی کے ذریعے کوالالمپور میں اپنی رہائش گاہ پہنچے،اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ بڑی تعداد میں صحافیوں کی موجودگی کے باعث وہاں افراتفری کا ماحول دیکھنے میں آیا۔
نجیب رزاق 2009ء سے 2018ء تک ملائیشیا کے وزیراعظم رہے،انہیں ریاستی سرمایہ کاری فنڈ ون ایم ڈی بی سے اربوں ڈالر کی مبینہ خوردبرد کے معاملے میں بدعنوانی کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔
یہ فنڈ انہوں نے اقتدار میں رہتے ہوئے قائم کیا تھا تاہم وہ مسلسل کسی بھی غلط کام میں ملوث ہونے کی تردید کرتے رہے ہیں۔
نجیب رزاق کو گزشتہ جمعہ کے روز جیل سے گھر منتقل کیے جانے کی توقع تھی کیونکہ شاہی معافی کی ایک شرط کے تحت ان پر عائد جرمانہ ادا کر دیا گیا تھا تاہم اٹارنی جنرل نے آخری وقت میں ان کی منتقلی روک دی جس پر ان کے سیاسی اتحادیوں میں شدید برہمی پائی گئی، اس پیش رفت کے بعد سلطان ابراہیم نے بھی اپنے شاہی حکم کی خلاف ورزی کے خلاف خبردار کیا تھا۔
ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین نصوتیون اسماعیل نے بتایا کہ عدالت نے منگل کے روز گزشتہ ہفتے جاری ہونے والا حکم منسوخ کرکے اس کی جگہ نیا حکم جاری کیا جس کے تحت نجیب رزاق کی گھر پر نظر بندی فوری طور پر شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی۔
ملائیشیا کے بااثر اور متنازع ترین سیاست دانوں میں شمار ہونے والے نجیب رزاق کا اصرار ہے کہ انہیں ایک پیچیدہ اور دنیا بھر میں پھیلے بدعنوانی کے منصوبے میں قربانی کا بکرا بنایا گیا،امریکی تفتیش کاروں کے مطابق اس سکینڈل کے ذریعے 4.5 ارب ڈالر تک کی رقم خردبرد کی گئی۔
استغاثہ کے مطابق ایک ارب ڈالر سے زائد رقم مبینہ طور پر نجیب رزاق سے منسلک اکاؤنٹس میں منتقل کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان

