کراکو فائرنگ کا حملہ آور اسپتال میں چل بسا، ۶؍ افراد کی ہلاکت کو دہشت گردی قرار دیا گیا

shooting poland d 1


پولینڈ کے شہر کراکو کے تاریخی مرکزی چوک میں سنیچر کو فائرنگ کرکے ۶؍ افراد کو ہلاک اور ۱۰؍ سے زائد کو زخمی کرنے والا ۲۴؍ سالہ حملہ آور پیر کی صبح اسپتال میں دم توڑ گیا۔ پولیس نے ایکس پر اس کی تصدیق کی۔
پولیس کے مطابق حملہ آور نے اپنی کار سے لوگوں پر فائرنگ کی تھی اور چند منٹ بعد پولیس اہلکاروں نے اسے گولی مار کر گرفتار کیا۔ ہلاک ہونے والوں میں ۴؍ خواتین اور ۲؍ مرد ہیں، جن میں چار پولش شہری، ایک برطانوی مرد اور ایک آسٹریائی خاتون شامل ہیں۔ زخمیوں میں برطانیہ، پرتگال، روس، جرمنی اور آسٹریا کے پانچ غیر ملکی بھی ہیں۔ حملہ آور کو روکنے والے دونوں پولیس اہلکار زخمی ہیں اور اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ اتوار کی دوپہر تک وہ ہوش میں تھے، اور حکام نے ان کی کارروائی کو بہادری قرار دیا ہے۔
تفتیش کاروں کو کراکو سے تقریباً ۲۰۰؍ کلومیٹر شمال مشرق میں واقع شہر اوسٹروویک شفیئنتو کشیسکی میں حملہ آور کے آبائی گھر سے اس کی بہن، والدہ اور والد کی لاشیں ملیں، جن کی موت غالباً گولی لگنے سے ہوئی۔
استغاثہ نے اتوار کو واقعے کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ وزیر داخلہ کے مطابق ملزم انتہائی دائیں بازو کے نظریات سے متاثر تھا۔ وزارت کے ترجمان نے بتایا کہ حملے کے وقت اس نے مکمل فوجی وردی پہن رکھی تھی، جس پر کئی علامات بنی تھیں۔

متعلقہ پوسٹ