ویانا: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف آسٹریا کے چانسلر کرسچیئن اسٹاکر کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر ویانا پہنچ گئے۔
ویانا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ آسٹرین مسلح افواج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
پاکستانی وفد میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی برائے وزیرِ اعظم بھی شامل ہیں۔
دورے کے دوران وزیرِ اعظم آسٹرین چانسلر کرسچیئن اسٹاکر سے دو طرفہ اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں کریں گے۔
دونوں رہنما پاکستان اور آسٹریا کے درمیان سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے کاروباری شخصیات کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
وزیرِ اعظم پاکستان آسٹریا بزنس فورم میں بھی شرکت کر کے خطاب کریں گے۔
وزیرِ اعظم ویانا میں اقوام متحدہ کے زیرِ اہتمام منعقدہ "پائیدار ترقی، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ” کے موضوع پر خصوصی تقریب میں شرکت اور خطاب کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیرِ اعظم انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔

