لاہور اور فیصل آباد سیکشن پر ٹرین آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ

trainnews1794411409 0


پاکستان ریلوے نے لاہور اور فیصل آباد سیکشن پر ٹرین آپریشن کو 15 نومبر سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ریلوے مسافروں کو محکمے نے بڑی خوشخبری سنائی کہ لاہور فیصل آباد سیکشن پر ٹرینوں کی آمدورفت بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے پاکستان ریلوے نے 15 نومبر سے لاہور فیصل آباد سیکشن پر ٹرین آپریشن بحال کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جس کے مطابق سیلاب سے متاثرہ مسن کالر اور قلعہ شیخوپورہ کے درمیان نیا ریلوے پل تعمیر کر لیا گیا ہے۔

محکمہ ریلوے کے مطابق نئے تعمیر ہونے والے ریلوے پل پر انجن چلا کر کامیاب ٹرائل بھی مکمل کر لیا گیا جبکہ سی ای او ریلوے حفیظ اللہ کی ہدایت پر لاہور فیصل آباد سیکشن کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 15 نومبر سے لاہور اور فیصل آباد کے درمیان ٹرینیں دوبارہ اپنے اصل روٹ پر رواں دواں ہوں گی جبکہ قراقرم اور شالیمار ایکسپریس کی پرانے روٹ پر واپسی کا فیصلہ کای گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قراقرم ایکسپریس 41 اپ اور 42 ڈاؤن اب لاہور فیصل آباد روٹ سے دوبارہ سفر کرے گی جبکہ شالیمار ایکسپریس بھی 15 نومبر سے اپنے اصل لاہور فیصل آباد روٹ پر بحال ہو جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے باعث متاثرہ ریلوے سیکشن کی بحالی سے مسافروں کا طویل متبادل روٹ پر سفر ختم ہو جائے گا جبکہ لاہور فیصل آباد کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو 15 نومبر سے براہ راست ریلوے سہولت میسر ہوگی۔

محکمہ ریلوے کے مطابق دونوں ٹرینیں عارضی طور پر ساہیوال کے متبادل روٹ سے چلائی جا رہی تھیں، پاکستان ریلوے نے مسافروں کو نئی ٹرین ٹائمنگ اور روٹ کے مطابق سفر کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کر دی۔

ٹرینوں کی آمدورفت اور سفری معلومات کے لیے پاکستان ریلوے ہیلپ لائن 117 سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

 





Source link

متعلقہ پوسٹ