بیرک مائننگ کے وفد کی کراچی اور گوادر میں منرل پراسیسنگ میں سرمایہ کاری کی دلچسپی؛ ریکوڈک کی کامیابی مستقبل کی سرمایہ کاری کے لیے مثال بنے گی
اسلام آباد (بیورو رپورٹ محمد سلیم سے ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریکوڈک جیسے بڑے منصوبے بلوچستان کے عوام کے لیے روزگار، ہنرمندی اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔ انہوں نے یہ بات بیرک مائننگ کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن کی سربراہی میں آنے والے وفد سے ملاقات میں کہی۔
وزیراعظم نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں بیرک کی شرکت کا خیرمقدم کیا اور ریکوڈک کو ملک کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کا اہم سنگِ میل قرار دیا۔ ان کے مطابق اس منصوبے کی کامیابی مستقبل کی معدنی سرمایہ کاری کے لیے مثالی معیار قائم کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو معدنی منصوبوں کے ثمرات میں براہِ راست شریک کرنا اور مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار پیدا کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ ان کے بقول معدنی شعبے کی ترقی کے لیے تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سازگار ماحول بنایا جا رہا ہے۔
مہمان وفد نے منرل کانفرنس کے انعقاد کو پاکستان میں معدنی ترقی کی جانب اہم قدم قرار دیا۔ وفد نے کراچی اور گوادر میں منرل پراسیسنگ صنعت کے قیام میں سرمایہ کاری کے لیے گہری دلچسپی ظاہر کی۔
ملاقات میں معدنی شعبے کے لیے پالیسی، ریگولیٹری اور بنیادی ڈھانچے کے نظام پر بھی بات ہوئی۔ وزیراعظم نے ریکوڈک سے آگے بھی بیرک کی مہارت اور تجربے سے فائدہ اٹھانے کی خواہش ظاہر کی۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء محمد اورنگزیب اور علی پرویز ملک، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال سمیت اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

