ذہنی دباؤ، توقعات اور زندگی کے اہداف

207598 DoctorNaveedI 1723086703


پاکستان میں ذہنی دباؤ سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ آخر ذہنی دباؤ کیوں پیدا ہوتا ہے؟ اس بارے میں ماہرین ِ نفسیات کا کہنا ہے کہ جب انسان کسی کوشش کے نتیجے کو بھی اپنے کنٹرول میں رکھنا چاہتا ہے اور اس کی خواہش ہوتی ہے کہ نتیجہ سو فیصد اس کی مرضی اور توقعات کے مطابق ہو، لیکن ایسا نہیں ہوتا، تو وہ ذہنی دباؤ یا اسٹریس (Stress) کا شکار ہو جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق کسی بھی کوشش کا نتیجہ مکمل طور پر انسان کے اختیار میں نہیں ہوتا، بلکہ اس کے اختیار میں صرف کوشش کرنا ہوتا ہے۔ چنانچہ جب انسان کوشش کے نتائج کو اپنی مرضی کے مطابق نہ پاتے ہوئے قبول نہیں کرتا تو ذہنی دباؤ اور مایوسی میں مبتلا ہو جاتا ہے۔اس حوالے سے قبولیت (Acceptance) ایک اہم نفسیاتی تصور ہے، اگر انسان اپنی کوششوں کے نتائج کو، خواہ وہ جیسے بھی ہوں، قبول کرنا سیکھ لے تو وہ ذہنی دباؤ سے بڑی حد تک محفوظ رہ سکتا ہے، لیکن عام طور پر لوگ اس اہم نکتے کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ جب کسی کوشش کا نتیجہ ان کی خواہش کے مطابق نہیں آتا تو وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ذہنی دباؤ نہ صرف انسان کی ذہنی کیفیت کو متاثر کرتا ہے بلکہ اس کی جسمانی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ مسلسل ذہنی دباؤ کے باعث نظامِ ہاضمہ، نیند، دل کی صحت اور دماغ کی فیصلہ کرنے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ انسان ذہنی دباؤ سے بچنے کے لیے اپنی سوچ اور طرزِ زندگی میں بھی تبدیلی لائے۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ انسان ذہنی دباؤ سے کس طرح محفوظ رہ سکتا ہے؟ خاص طور پر نوجوان کس طرح اس کیفیت سے باہر نکل سکتے ہیں؟عموماً دیکھنے میں آیا ہے کہ نوجوان اپنی زندگی میں کوئی نہ کوئی ایسا ہدف (Target) مقرر کر لیتے ہیں جو بظاہر ان کے لیے سب سے زیادہ اہم ہوتا ہے، اگر کسی وجہ سے وہ ہدف حاصل نہ ہو سکے تو وہ مایوسی اور ذہنی دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اس ضمن میں نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی زندگی کے تمام چھوٹے بڑے اہداف کی ایک فہرست تیار کریں۔ اس فہرست میں سب سے پہلے اپنی آخرت کی کامیابی کو اولین ہدف قرار دیں۔ یعنی روزِ قیامت اللہ تعالیٰ کے سامنے سرخرو ہونا اور کسی قسم کی شرمندگی سے بچنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا مقصد ہونا چاہیے۔

اس کے بعد دنیاوی زندگی کے تمام اہداف کو ان کی اہمیت کے مطابق ترتیب دیں۔ مثلاً اگر آپ میڈیکل کے شعبے میں داخلہ لینا چاہتے ہیں اور ڈاکٹر بننا آپ کا خواب ہے تو اسے اپنی فہرست میں شامل کریں۔ اس کے بعد اپنی دلچسپی اور صلاحیت کے مطابق دوسرے تعلیمی اور پیشہ ورانہ اہداف کو دوسرے، تیسرے اور پھر اسی ترتیب سے درج کرتے جائیں۔ اس حکمت ِ عملی کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ انسان اپنی زندگی کے اہداف کو ایک وسیع تناظر میں دیکھنا سیکھے، اگر اس کا سب سے بڑا مقصد آخرت کی کامیابی اور اللہ تعالیٰ کی رضا کا حصول ہو تو دنیاوی زندگی میں کسی ایک ہدف کے حاصل نہ ہونے پر اسے اپنی پوری زندگی ناکام دکھائی نہیں دے گی۔ وہ اپنی کوشش جاری رکھے گا، اللہ تعالیٰ کی رضا پر راضی رہے گا اور صبر و شکر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑے گا۔

اس طرح زندگی کے مختلف اہداف میں سے جو اہداف حاصل ہو جائیں گے، وہ خوشی اور اطمینان کا باعث بنیں گے، جبکہ جو اہداف حاصل نہیں ہو سکیں گے، ان کی وجہ سے انسان اپنی زندگی سے مایوس نہیں ہوگا۔ وہ اپنی ناکامی کو زندگی کا اختتام سمجھنے کے بجائے اسے ایک تجربہ قرار دے گا اور آگے بڑھنے کی کوشش کرے گا۔یہاں ایک بات سمجھنا ضروری ہے کہ قبولیت کا مطلب کوشش چھوڑ دینا یا حالات کے سامنے ہتھیار ڈال دینا نہیں، بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ انسان اپنی پوری کوشش کرنے کے بعد نتائج کو حقیقت کے طور پر تسلیم کرے اور آیندہ کے لیے اپنی حکمت عملی کو بہتر بنائے۔ نفسیات میں بھی حقیقت کو قبول کرنے، غیر یقینی حالات کو برداشت کرنے اور اپنی سوچ میں لچک پیدا کرنے کو ذہنی صحت کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔

یہاں ایک اور حکمت عملی بھی بڑی اہمیت رکھتی ہے۔ نوجوان جب بھی اپنی زندگی کا کوئی ہدف مقرر کریں تو اس کے ساتھ متبادل اہداف بھی طے کریں۔ بالکل اسی طرح جیسے کوئی فوج میدانِ جنگ میں ایک منصوبہ تیار کرتی ہے، اگر پہلے منصوبے میں کامیابی حاصل ہو جائے تو اسے جاری رکھا جاتا ہے، لیکن اگر اس میں ناکامی ہو جائے تو متبادل منصوبے پر عمل کیا جاتا ہے۔ فوجی حکمت ِ عملی میں اسے پلان اے، پلان بی اور پلان سی کہا جاتا ہے۔ہمیں بھی اپنی زندگی کے منصوبے اسی انداز میں ترتیب دینے چاہئیں۔ مثلاً اگر آپ میڈیکل کے شعبے میں داخلہ لینا چاہتے ہیں لیکن مطلوبہ نمبر حاصل نہیں کر پاتے تو پہلے سے طے ہونا چاہیے کہ متبادل کے طور پر آپ کس شعبے میں تعلیم حاصل کریں گے۔ اسی طرح اگر کوئی نوجوان نیا کاروبار شروع کرنا چاہتا ہے اور کسی وجہ سے اس میں کامیابی حاصل نہیں ہوتی تو اسے پہلے سے سوچنا چاہیے کہ اس کے پاس متبادل کاروباری منصوبہ کیا ہوگا۔

اس کا مطلب یہ نہیں کہ انسان اپنے پہلے ہدف کے حصول کے لیے پوری کوشش نہ کرے، بلکہ اس کا مقصد یہ ہے کہ ایک راستہ بند ہونے کی صورت میں زندگی کے دوسرے راستے بھی اس کے سامنے موجود ہوں۔ اس حکمت عملی سے ناکامی کا خوف کم ہوتا ہے اور انسان غیر ضروری ذہنی دباؤ سے بڑی حد تک محفوظ رہ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں ذہنی صحت کے مسائل ایک اہم معاشرتی اور قومی مسئلہ بنتے جا رہے ہیں۔ اس کی متعدد وجوہات ہیں، جن میں معاشی پریشانیاں، بے روزگاری، خاندانی مسائل، تعلیمی دباؤ اور مستقبل کے بارے میں غیر یقینی صورتِ حال شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہماری اپنی غیر حقیقی توقعات اور خواہشات بھی بعض اوقات ذہنی پریشانی میں اضافے کا سبب بنتی ہیں۔

ہمیں چاہیے کہ اپنی خواہشات اور توقعات کو بھی حقیقت کے پیمانے پر پرکھیں۔ وقتاً فوقتاً یہ جائزہ لیتے رہیں کہ کیا ہماری خواہشات حقیقت میں پوری ہو سکتی ہیں؟ کیا ہم نے اپنے اہداف اپنی صلاحیتوں اور وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مقرر کیے ہیں؟ کیا ہم نے ان کے حصول کے لیے متبادل راستے بھی سوچ رکھے ہیں؟

ایک اور اہم ترین بات والدین کے حوالے سے ہے۔ ہمارے ہاں بہت سے والدین بچوں پر امتحانات میں اچھے نمبر لانے یا اچھی ملازمت حاصل کرنے کے لیے اپنی خواہشات کا بوجھ ڈال دیتے ہیں، جس سے بچہ مزید ذہنی دباؤ میں آ جاتا ہے کہ اسے ہر حال میں والدین کا ہدف پورا کرنا ہے۔ ایسے میں اگر اسے تھوڑی سی بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑے تو اسے نہ صرف اپنے ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ والدین کی طرف سے بھی شدید دباؤ برداشت کرنا پڑتا ہے۔

یہ بات ہمیشہ یاد رکھنی چاہیے کہ ہر انسان کی ہر خواہش پوری نہیں ہوتی اور نہ ہی زندگی کا ہر نتیجہ ہماری مرضی کے مطابق آتا ہے۔ اصل کامیابی یہ ہے کہ انسان اپنی پوری کوشش کرے، ناکامی سے سبق سیکھے، کامیابی پر شکر ادا کرے اور ناکامی کی صورت میں ہمت نہ ہارے۔آئیے! اپنی زندگی کے اہداف کا ازسرِنو جائزہ لیں، اپنی کوششوں کو بہتر بنائیں، توقعات کو حقیقت پسندانہ رکھیں اور نتائج کو قبول کرنے کا حوصلہ پیدا کریں۔ شاید ذہنی سکون کی تلاش میں ہمیں اپنی سوچ کا یہی ایک چھوٹا سا زاویہ بدلنے کی ضرورت ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ