اسلام آباد، ای سی او اجلاس، سفارشات فائنل، کل عباس عراقچی کی آمد بھی متوقع
اجلاس میں شریک غیر ملکی وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے
اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کا 30واں اجلاس اہم علاقائی فیصلوں کے ساتھ جاری ہے، پہلے روز مختلف ذیلی اداروں کی رپورٹس اور سفارشات کو حتمی شکل دے دی گئی، جبکہ دوسرے روز ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت رکن ممالک کے اعلیٰ حکام کی شرکت متوقع ہے۔
دو روزہ اجلاس کے پہلے مرحلے میں ای سی او کی مجموعی کارکردگی، علاقائی معاشی تعاون، تنظیم کے انتظامی معاملات اور مستقبل کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ مختلف اجلاسوں کی رپورٹس، سیکریٹری جنرل کی سالانہ رپورٹ اور تنظیم کے مخصوص اداروں کی سفارشات بھی زیر بحث آئیں، جنہیں پیر کو وزرائے کونسل کے سامنے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
اجلاس کا اہم ترین ایجنڈا ای سی او کے لیے 2035 تک کے نئے اسٹریٹجک اہداف کی منظوری ہے۔ یہ فریم ورک تنظیم کے سابقہ وژن 2025 کی جگہ لے گا، جس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی روابط کو وسعت دینا ہے۔
اجلاس میں علاقائی ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کی بہتری، توانائی کے شعبے میں شراکت داری اور وسطی ایشیائی ممالک کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اعلامیہ اسلام آباد کو حتمی شکل دینے اور ای سی او کے مختلف معاہدوں پر دستخط سے متعلق امور بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔
دستیاب دستاویزات کے مطابق اجلاس میں تنظیم کے 2027 کے بجٹ، نائب وزرائے خارجہ کی اعلیٰ سطحی کمیٹی کی رپورٹ اور ای سی او سائنس فاؤنڈیشن کے صدر پروفیسر سید کمیل طیبی کی مزید تین سال کے لیے تقرری کی منظوری پر بھی غور کیا جائے گا۔
وزرائے کونسل کے اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے افتتاحی خطاب کریں گے، جبکہ قازقستان کے وزیر خارجہ مختار تلیوبردی گزشتہ سال کی ای سی او چیئرمین شپ کے حوالے سے اپنا بیان دیں گے۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کریں گے، جبکہ ترکیہ کے وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ موسیٰ کلاک لکایا کریں گے۔ اجلاس میں دیگر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، اعلیٰ حکام، مبصرین اور بین الاقوامی شراکت دار اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شریک غیر ملکی وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے، جبکہ وزیراعظم معزز مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔
اجلاس کے اختتام پر تنظیم کی رپورٹس اور اعلامیہ اسلام آباد کی منظوری کے علاوہ آئندہ وزرائے کونسل اجلاس کے معاملات بھی طے کیے جائیں گے۔ ای سی او کا 31واں اجلاس 2027 میں پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہوگا۔
اس اجلاس کو خطے میں اقتصادی روابط مضبوط بنانے اور رکن ممالک کے درمیان تجارت، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں مشترکہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

