تہران — ایران کی مسلح افواج کے آپریشنل کمانڈر چیف جنرل امیر حاتمی نے اعلیٰ عسکری قیادت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سخت لہجے میں کہا ہے کہ اگر کوئی دشمن ملک ایران کے خلاف زمینی فوجی کارروائی کی جرأت کرتا ہے تو اس کا ایک بھی سپاہی زندہ واپس نہیں جائے گا۔
جنرل حاتمی نے آپریشنل ہیڈکوارٹرز کو حکم دیا کہ امریکا اور اسرائیل کی فوجی سرگرمیوں پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھی جائے اور کسی بھی ممکنہ پیش قدمی کا بروقت اور مؤثر جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار رہا جائے۔
انہوں نے فوجی کمانڈرز کو ہدایت کی کہ دشمن کی نقل و حرکت کی نگرانی انتہائی درستگی اور ہوشیاری سے کی جائے تاکہ میدان جنگ میں کوئی بھی غیر متوقع صورتحال پیدا نہ ہو سکے۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب خطے میں فوجی کشیدگی عروج پر ہے اور ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان محاذآرائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

