
(ویب ڈیسک)چین نے ہوا بازی کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے دنیا کا پہلا 10 ٹن وزنی بیٹری سے چلنے والا تجارتی مسافر طیارہ کامیابی سے اڑا لیا، جسے روایتی فضائی ایندھن کے متبادل کی جانب ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
چین کا تیار کردہ برقی طیارہ ’سی ای 25 اے‘ ہفتے کے روز مشرقی صوبے شان ڈونگ کے شہر بن ژو میں اپنی پہلی انسانی عملے کے ساتھ آزمائشی پرواز مکمل کرنے میں کامیاب رہا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پرواز کے دوران طیارے میں 2 پائلٹس اور ایک فلائٹ ٹیسٹ انجینئر موجود تھے۔
یہ طیارہ چین کی سرکاری ایرو اسپیس کمپنی کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنا (کومیک)، بیٹری ساز ادارے سی اے ٹی ایل، شنگھائی جیاؤ تونگ یونیورسٹی اور دیگر شراکت دار اداروں نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔
مزید پڑھیں:ایمسٹر ڈیم :فضائی سفر کے دوران نشے میں دھت مسافر نے تمام حدیں پار کر لیں
رپورٹ کے مطابق سی ای 25 اے دنیا کا پہلا 10 ٹن وزنی اور 19 نشستوں کا حامل تجارتی مسافر طیارہ ہے جو مکمل طور پر بیٹری سے حاصل ہونے والی برقی توانائی پر پرواز کرتا ہے۔
اس سے قبل اس طیارے کی بغیر پائلٹ کے 19 خودکار آزمائشی پروازیں بھی مکمل کی جا چکی تھیں۔
اگرچہ آسٹریا میں 21 اکتوبر 1973 کو موٹر گلائیڈر ایم بی ای ون نے انسانی موجودگی میں بیٹری سے چلنے والے مکمل سائز کے برقی طیارے کی پہلی پرواز کا اعزاز حاصل کیا تھا، تاہم چین کا سی ای 25 اے اس نوعیت کا پہلا 19 نشستوں والا تجارتی مسافر طیارہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق سی ای 25 اے کی سمندری سطح سے بلندی کے بجائے پرواز کی زیادہ سے زیادہ بلندی 2 ہزار 400 میٹر، رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ اور پرواز کی حد 400 کلومیٹر ہے۔

