پاکستان 2035 تک آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کیسے حاصل کرسکتا ہے؟
‘پاکستان کسی دوسرے ملک کے ساتھ شراکت داری میں بھی میزبانی کے عمل کا حصہ بن سکتا ہے’
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2035 تک ہونے والے بڑے مینز کرکٹ ٹورنامنٹس کی تاریخوں اور میزبانی کے شیڈول کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد پاکستان کے لیے مزید عالمی کرکٹ ایونٹس کی میزبانی کے امکانات بھی سامنے آگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان 2035 تک آئی سی سی کے تین بڑے عالمی ایونٹس میں سے کسی ایک کی میزبانی حاصل کرنے کی کوشش کرسکتا ہے۔ پاکستان ان ایونٹس کی میزبانی کی دوڑ سے باہر نہیں ہوا اور اس حوالے سے اظہارِ دلچسپی کے عمل میں حصہ لینے کا موقع موجود ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جن عالمی ٹورنامنٹس کے میزبان ممالک کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا تاہم ان کے لیے اظہارِ دلچسپی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ خواہشمند ممالک ان ایونٹس کی میزبانی کے لیے انفرادی طور پر یا کسی دوسرے ملک کے ساتھ مشترکہ طور پر بھی درخواست دے سکتے ہیں۔
پاکستان جن تین بڑے ایونٹس کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کرسکتا ہے ان میں آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2035، ٹی 20 ورلڈ کپ 2032 اور چیمپئنز ٹرافی 2033 شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان تینوں ٹورنامنٹس کا انعقاد اکتوبر اور نومبر میں شیڈول ہے جبکہ ان کی تاریخوں کا اعلان کیا جا چکا ہے تاہم میزبان وینیوز کا حتمی فیصلہ اظہارِ دلچسپی کے عمل کی تکمیل کے بعد کیا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کسی دوسرے ملک کے ساتھ شراکت داری میں بھی میزبانی کے عمل کا حصہ بن سکتا ہے۔ خاص طور پر 2033 کی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی حاصل کرنے کے لیے پاکستان کوشش کرسکتا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کے حالیہ اجلاس میں پہلے سے مختص عالمی ایونٹس کی تاریخوں کی منظوری کے ساتھ 2035 تک ہونے والے ٹورنامنٹس کی مجوزہ ونڈوز بھی منظور کی گئی ہیں۔

