پشاور:
خیبر پختونخوا میں تعلیم سے محروم بچوں کو اسکولوں میں لانے کے لیے 12 ہنگامی اضلاع میں خصوصی داخلہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گورنر ہاؤس پشاور میں خیبرپختونخوا کے محکمہ تعلیم کی صورتحال پر خصوصی بریفنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، صوبائی ایڈوائزر برائے تعلیم ڈاکٹر سید عامر عبداللہ، اعلیٰ سول افسران اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ایڈوائزر ایجوکیشن ڈاکٹر سید عامر عبداللہ نے شرکاء کو صوبے کے تعلیمی نظام کی موجودہ صورتحال، اصلاحاتی اقدامات، انتظامی امور اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ بریفنگ کے بعد سوال و جواب کی نشست میں ڈاکٹر سید عامر عبداللہ نے شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔
انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے تعلیمی نظام میں بہتری، سرکاری اداروں کی کارکردگی بڑھانے اور گورننس کو مؤثر بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات جاری ہیں۔ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کی کارکردگی کے تحت انتظامی اصلاحات، مالی نظم و ضبط، ڈیجیٹلائزیشن اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
صوبے کے 34 ہزار 848 سرکاری اسکولوں میں 59 لاکھ 60 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں، جبکہ ایک لاکھ 87 ہزار سے زائد اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اساتذہ کی منصفانہ تقسیم اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے ای ٹرانسفر پالیسی کا مسودہ تیار کیا گیا ہے۔ سنگل ٹیچر اور اضافی اساتذہ والے اسکولوں کی فہرستیں بھی مرتب کی گئی ہیں۔
تعلیمی اداروں میں جوابدہی بڑھانے کے لیے اسکول سربراہان کی کارکردگی جانچنے کی مشق مکمل کی گئی ہے، جبکہ اساتذہ کی حاضری اور تربیت کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کا نظام تیار کیا جا رہا ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور مالی نظم و ضبط کے لیے 100 و 180 روزہ ایکشن پلان پر کام جاری ہے۔ منصوبوں کی ترجیحات متعین کرنے اور وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
غیر فعال اسکولوں کی بحالی کے لیے ریشنلائزیشن اور 1,500 اسکولوں کی دوسرے مرحلے میں آؤٹ سورسنگ کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ تعلیم سے محروم بچوں کو اسکولوں میں لانے کے لیے 12 ہنگامی اضلاع میں خصوصی داخلہ مہم شروع کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ اس مقصد کے لیے سروے ٹولز، ہیٹ میپس اور ڈیٹا شیئرنگ پر بھی کام جاری ہے۔
بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے 12 ہنگامی اضلاع کے اسکولوں میں فوری اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جبکہ غیر محفوظ عمارتوں کے مسائل بھی متعلقہ حکام کو بھجوائے گئے ہیں۔
صوبے میں 100 روزہ تعلیمی منصوبے کے تحت 61 منصوبوں کے لیے 79 کروڑ روپے جبکہ 180 روزہ منصوبے کے تحت 31 منصوبوں کے لیے 5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 92 منصوبوں کا بجٹ 5 ارب 79 کروڑ روپے ہے۔ ان منصوبوں میں 424 اسکولوں کی سولرائزیشن، 15 اسکولوں کو ماڈل اسکولز میں تبدیل کرنا، آئی ٹی لیبارٹریز کا قیام اور طالبات کے اسکولوں کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔
تعلیمی انٹرن شپ پروگرام کے تحت 500 انٹرنز متعارف کرانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ خصوصی بچوں کے لیے پاراچنار میں اسکول اور جدید معاون آلات کی فراہمی پر بھی کام جاری ہے، قبائلی اضلاع میں اساتذہ کی تربیت، فنی و ڈیجیٹل مہارتوں کا فروغ اور مختلف اضلاع میں اسکولوں کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔
اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں 34 سرکاری جامعات میں ایک لاکھ 97 ہزار سے زائد، جبکہ 388 سرکاری کالجز میں تقریباً 2 لاکھ 80 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ جامعات کی مالیاتی بہتری اور انتظامی شفافیت کے لیے اعلیٰ سطحی ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے، جو مالی خسارے، گورننس اور وسائل کے مؤثر استعمال کا جائزہ لے رہا ہے۔ جامعات کے مالی استحکام کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے 18 ارب روپے کی معاونت کی فراہمی کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔

