بھارت سمٹ میں آئے غیر ملکی مندوبین کا الزام

Bharat Summit


گزشتہ 13 نومبر 2026 کو حیدرآباد میں تلنگانہ حکومت کے زیر اہتمام منعقد بھارت سمٹ میں ’نوجوان اور مستقبل کی سیاست‘ کے موضوع پر مباحثہ۔ (تصویر: دی وائر)

بھارت سمٹ کے منتظمین نے بتایا کہ جرمنی کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک نوجوان لیڈر کو ہندوستان سے روانہ ہوتے وقت ہوائی اڈے پر روک لیا گیا۔ وہیں، سمٹ میں آئے غیر ملکی مندوبین نے بھی الزام لگایا ہے کہ انہیں ہوائی اڈوں پر حراست میں لیا گیا، ان کے سیاسی نظریات کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی اور ان سے اپنے موبائل فون حوالے کرنے کو کہا گیا۔

نئی دہلی: حیدرآباد میں کانگریس کی حمایت یافتہ بھارت سمٹ کے دوسرے ایڈیشن میں آئے غیر ملکی مندوبین نے الزام لگایا ہے کہ انہیں ہوائی اڈوں پر حراست میں لیا گیا، ان کے سیاسی نظریات کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی اور ان سے موبائل فون حوالے کرنے کو کہا گیا۔ اس کے علاوہ، کچھ غیر ملکی مہمانوں نے بتایا کہ ہندوستان سے واپسی کے دوران بھی انہیں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

منتظمین نے سوموار  (16 نومبر) کو بتایا کہ جرمنی کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس پی ڈی) کے ایک نوجوان لیڈرکو ہندوستان سے روانہ ہوتے وقت ہوائی اڈے پر روک لیا گیا۔ مبینہ طور پر حکام نے ان سے پوچھا کہ وہ سمٹ میں کیوں شریک ہوئے تھے اور انہیں اپنی سوشل میڈیا پوسٹ دکھانے کے لیے کہا گیا۔

منتظمین کے مطابق، 13 اور 14 نومبر کو منعقدہ دو روزہ پروگرام کے اختتام کے بعد بھی بین الاقوامی مندوبین کو سفر کے سلسلے میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

منتظمین نے ایک پریس ریلیز میں کہا، ’بھارت سمٹ کے نمائندے غیر ملکی مہمانوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ وہ متعلقہ حکام اور دیگر فریقوں سے رابطہ کر رہے ہیں اور بین الاقوامی مندوبین کے سفر کو آسان بنانے کے لیے طلب کی گئی معلومات فراہم کر رہے ہیں۔‘

اس سے قبل منتظمین نے بتایا تھا کہ آئیوری کوسٹ کے سابق وزیر اعظم پاسکل افی این گیسن کو ہندوستان آتے وقت حیدرآباد ہوائی اڈے پر کئی گھنٹوں تک روکا گیا تھا۔ وہ سفارتی پاسپورٹ پر سفر کر رہے تھے اور انہیں وزارت خارجہ سے سیاسی منظوری بھی حاصل تھی۔ مبینہ طور پر حکام نے ان سے پوچھا کہ وہ سمٹ میں کیوں شرکت کر رہے ہیں اور کانگریس نیز وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں ان کی کیا رائے ہے۔ اس کے بعد انہیں ہندوستان میں داخلے کی اجازت دی گئی۔

منتظمین نے 1961 کے سفارتی تعلقات سے متعلق ویانا کنونشن کے آرٹیکل 29 کا حوالہ دیا۔ اس کے تحت متعلقہ سفارتی ایجنٹوں کو گرفتار یا حراست میں نہیں لیا جا سکتا۔ تاہم، این گیسن کو یہ تحفظ حاصل ہونا چاہیے تھا یا نہیں، اس کا انحصار ان کی سرکاری طور پر تسلیم شدہ حیثیت اور ہندوستان کے سفر کے حالات پر ہوگا۔

ملیشیا، برازیل اور فلپائن کے پالیسی سازوں نے منتظمین کو بتایا کہ انہیں امیگریشن محکمے میں تقریباً دو گھنٹے تک روکا گیا۔ اس دوران حکام نے ان کے فون لے کر ان میں دائیں بازو کی سیاست پر تنقید کرنے والے سوشل میڈیا پوسٹ تلاش کیے۔

منتظمین کو سمٹ میں شامل ہونے کے لیے آئے ارکان پارلیامنٹ اور تھنک ٹینکس کے سربراہوں سے بھی لمبی پوچھ گچھ کی جانکاری موصول ہوئی۔ تاہم، آخرکار ان سبھی کو ہندوستان میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔

منتظمین کے مطابق، ان تمام دشواریوں کے باوجود 70 ممالک کے تقریباً ایک ہزار شرکا نے سمٹ میں شرکت کی۔

ویزا 

کانگریس نے کہا کہ سمٹ میں شامل ہونے والے طے شدہ 315 مقررین میں سے 115 کوہندوستان میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی یا ان کا ویزا ردکر دیا گیا۔ مبینہ طور پر یہ کارروائی وزارت داخلہ کی ہدایت پر کی گئی۔

سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سینئر رہنما ششی تھرور نے کہا کہ ان مندوبین کو وزارت خارجہ سے منظوری حاصل تھی۔ جمعہ کو اس سلسلے میں پوچھے گئے سوالوں کے جواب میں وزارت خارجہ نے کہا کہ ’ویزا سے متعلق معاملے کسی بھی ملک یا حکومت کے خودمختار دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔‘

سمٹ میں مدعو یورپین ڈیموکریٹک پارٹی کے کمیونی کیشن ایڈوائزر الیسیو دی جارجی نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر بتایا کہ برسلز میں واقع ہندوستانی قونصل خانے نے انہیں طلب کیا تھا، جہاں انہیں ایک ویڈیو دکھایاگیا۔ اس ویڈیو میں ان کی پارٹی کانگریس رہنما راہل گاندھی کی حمایت کر رہی تھی۔

دی جارجی کے مطابق، ہندوستانی مشن نے اسے ’غیر ملکی مداخلت‘ قرار دیا۔ انہوں نے اس ملاقات کو ’عجیب اور غیر حقیقی تجربہ‘ بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں بتایا گیا کہ ان کی ویزا درخواست کی مزید جانچ کی جائے گی۔ ان کے بقول، اس کا مطلب یہ تھا کہ انہیں ’سمٹ میں شرکت کا خیال چھوڑ دینا چاہیے۔‘

یہ ویڈیو 1 نومبر کو پوسٹ کیا گیا تھا۔

دی جارجی نے کہا، ’ایسا لگتا ہے کہ کسی یورپی سیاسی پارٹی کا کسی جمہوری اپوزیشن رہنما کی حمایت کرناہندوستان کے لیے خطرہ ہے۔ یہ کوئی بین الاقوامی سازش نہیں ہے۔ نہ ہی یہ سلامتی سے متعلق کوئی خطرہ ہے۔ یہ محض ایک ویڈیو ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا، ’میں نے جواب دیا کہ اگر ہندوستان واقعی اتنا بڑا جمہوری ملک ہے، جتنا وہ خود کو بتاتا ہے، تو مجھے بھروسہ ہے کہ میرا ویزا منظور ہو جائے گا۔ لیکن ظاہر ہے، ایسا کبھی نہیں ہوا۔ اور اب ہمیں پتہ چلا ہے کہ ہم میں سے 115 لوگوں کو اسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔‘

وزارت خارجہ نے دی جارجی کے الزامات پر کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

اس سے قبل ناروے کی صحافی ہیلی لیونگ سوینڈسن کا ویزا بھی ان کی پرواز سے عین قبل رد کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے مئی میں اوسلو کے دورے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال کیے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ اوسلو میں واقع ہندوستانی سفارت خانے نے انہیں ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہونے سے تقریباً دس منٹ پہلے سفر نہ کرنے کو کہا۔ انہیں سمٹ میں میڈیا کے مستقبل اور صحافت کی آزادی کے موضوع پر اظہار خیال کرنا تھا۔

سویندسن نے جمعرات کو دی وائر کو بتایا تھا، ’یہ ایک حیران کن واقعہ ہے۔ میرے پاس سفارتی منظوری تھی اور اسی کی بنیاد پر مجھے ویزا جاری کیا گیا تھا۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ وزارت داخلہ نے فیصلہ کر لیا ہے کہ مجھے ہندوستان میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘

منتظمین نے یہ بھی بتایا کہ سمٹ کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے 14 نومبر کو اختتامی اجلاس کے دوران اسٹیج پر راہل گاندھی کی موجودگی سے متعلق ایک پوسٹ ہندوستان میں دستیاب نہیں ہے، جبکہ بیرون ملک لوگ اسے دیکھ پا رہے تھے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا کہ مقامی قانونی تقاضوں کے تحت کام کرنے والے ایک خودکار نظام کی وجہ سے یہ پوسٹ دستیاب نہیں  ہے۔ تاہم، اس میں اس کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی۔

بی جے پی نے منتظمین کے خلاف مورچہ کھولا

دریں اثنا، بی جے پی نے سوموار  (16 نومبر) کو یورپین سوشلسٹ پارٹی کے جنرل سکریٹری جیاکومو فلیبیک کے خلاف حیدرآباد میں واقع فارن ریجنل رجسٹریشن آفس (ایف آر آر او) اور تلنگانہ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) سی وی آنند کے پاس شکایت درج کرائی۔

فلیبیک نے سمٹ میں اپنی تقریر کے دوران ’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘ کا نعرہ لگایا تھا۔ کانگریس اور اپوزیشن کی دیگر جماعتیں وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف اس نعرے کا استعمال کرتی رہی ہیں۔

بی جے پی نے ایف آر آر او سے ویزا اور امیگریشن قوانین کی ممکنہ خلاف ورزیوں کی جانچ کرنے کا مطالبہ کیا۔ وہیں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سے کہا کہ اگرجانچ کے دوران قابل دست اندازی پولیس جرم کے شواہد سامنے آئیں تو ایف آئی آر درج کی جائے۔

ایف آر آر او کو سونپے گئے پانچ صفحات پر مشتمل میمورنڈم میں تلنگانہ بی جے پی کے صدر این رام چندر راؤ نے کہا،’کسی غیر ملکی سیاسی عہدیدار کا ہندوستان میں منعقد ہونے والے کسی سیاسی پروگرام میں شرکت کرنا اور ملک کے داخلی انتخابی عمل اور سیاسی قیادت کے حوالے سے سیاسی پیغامات دینا تشویشناک ہے۔ ان حالات سے ان کی ہندوستان آمد کے حقیقی مقصد، ان کی شرکت، ملک میں داخلے کے لیے استعمال کیے گئے ویزا کی قسم، اس پر عائد شرائط اور اس بات سے متعلق کئی سنگین سوال پیدا ہوتے ہیں کہ کیا ان کی سرگرمیاں مجاز ہندوستانئ حکام سے حاصل کردہ اجازت کے دائرے میں تھیں یا نہیں۔‘

میمورنڈم میں امیگریشن اینڈ فارنرز ایکٹ، 2025 کی دفعات 23، 24، 3، 7 اور 29 کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی کانفرنسوں سے متعلق وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کی ہدایات کا بھی حوالہ دیا گیا۔

اس میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ اس معاملے میں ممکنہ طور پر اکسانے یا تعاون کرنے کے کردار کے پیش نظر منتظمین، اسپانسرز اور رابطہ کاروں کی بھی جانچ کی جائے۔

میمورنڈم میں متنبہ کیا گیا کہ، ’کوئی بھی غیر ملکی شہری، خواہ اس کی سیاسی حیثیت کتنی ہی بڑی کیوں نہ ہو، بین الاقوامی عہدہ کتنا ہی اہم کیوں نہ ہو یا کسی ادارے میں اس کا کتنا ہی اثر و رسوخ کیوں نہ ہو، ہندوستان میں داخلے، یہاں قیام اور ملک کے اندر سرگرمیاں انجام دینے سے متعلق قوانین سے استثنیٰ کا دعویٰ نہیں کر سکتا۔ نہ ہی اسے ملک کے انتخابی عمل کی توہین کرنے کا حق حاصل ہے۔‘

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے راؤ نے کہا کہ اس سمٹ کو کانگریس کے تھنک ٹینک سمردھ بھارت فاؤنڈیشن، بائیں بازو کی تنظیم پروگریسو انٹرنیشنل اور تلنگانہ حکومت کی حمایت حاصل تھی۔

انہوں نے الزام لگایا کہ منتظمین اور اسپانسرز نے بغیر کسی واضح مقصد کے منعقد کیے جا رہے اس اجلاس میں غیر ملکی مندوبین کو ’پچھلے دروازے سے‘ ہندوستان میں داخل کرایا۔ راؤ نے دعویٰ کیا کہ اسی وجہ سے آخری وقت میں 115 افراد کے ویزے رد کیے گئے۔

انہوں نے راہل گاندھی اور وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ راؤ نے الزام لگایا کہ دونوں نے فلیبیک کو ’ہندوستان مخالف‘ تقریر کرنے سے نہیں روکا۔

انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی کی شکایتوں پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی تو پارٹی اس معاملے کو قانونی طور پر آگے بڑھائے گی۔

دی وائر اسٹاف کے ان پٹ کے ساتھ

انگریزی میں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔



Source link

متعلقہ پوسٹ