کراچی: ڈیفنس میں بااثر خاتون کا بہن بھائی پر تشدد کا معامملہ؛ ایس ایس پی کورنگی ذمہ دار قرار
رپورٹ میں وڈیو میں نظر آنے والی دو خواتین اور ایک مرد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
کراچی: ڈی ایچ اے میں بااثر خاتون کی جانب سے بہن بھائی پر تشدد کے معاملے کی تحقیقاتی کمیٹی نے انکوائری مکمل کرکے رپورٹ آئی جی سندھ کو ارسال کردی جس میں ایس ایس پی کورنگی فدا جانوری کو بھی معاملے میں ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں ایس ایس پی کورنگی فدا جانوری کی جانب سے معاملے میں انتظامی غفلت برتنے کا ذکر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز 2020 کے تحت ایس ایس پی کورنگی فدا جانوری کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ذرائع نے بتایا کہ واقعے کی وڈیو میں متاثرہ فیملی پر تشدد کرنے والے تمام افراد ایس ایس پی کورنگی فدا جانوری کے قریبی رشتے دار ہیں۔
انکوائری رپورٹ میں متاثرہ فیملی کے خلاف درج مقدمے کو بی کلاس یعنی خارج کردیا گیا ہے جب کہ متاثرہ خاندان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
رپورٹ میں وڈیو میں نظر آنے والی دو خواتین اور ایک مرد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی گئی ہے جب کہ ڈسٹرکٹ کورنگی کے 4 پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ایس ایچ او درخشاں راشد علی، ایس آئی او درخشاں عمران اور پولیس موبائل افسر آفتاب منگی کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ واقعے سے متعلق شفاف تحقیقات کی گئی ہیں اور انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
تحقیقاتی کمیٹی کی انکوائری رپورٹ مزید کارروائی کے لیے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کو بھجوا دی گئی ہے۔

