امریکی سفیر کا ‘گریٹر اسرائیل’ بیان — مسلم دنیا کی مشترکہ مذمت

IMG 20260222 WA0753


اسلام آباد/ریاض: پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، متحدہ عرب امارات اور اردن سمیت متعدد مسلم ممالک نے اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر مائیک ہکابی کے اس بیان کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے اسرائیل کو دریائے نیل سے نہر فرات تک کے وسیع علاقے پر قبضے کا حق حاصل قرار دیا تھا۔
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)، عرب لیگ اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں امریکی سفیر کے بیان کو "غیر ذمہ دارانہ اور بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی” قرار دیا گیا۔
مشترکہ بیان میں واضح کیا گیا کہ ایسے اشتعال انگیز بیانات خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور یہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اپنے پیش کردہ غزہ امن منصوبے سے بھی براہِ راست متصادم ہیں۔ بیان میں یہ بھی دہرایا گیا کہ اسرائیل کو مقبوضہ فلسطینی اور عرب سرزمینوں پر کسی قسم کا قانونی اختیار حاصل نہیں۔
واضح رہے کہ ‘دریائے نیل سے نہر فرات’ کا تصور "گریٹر اسرائیل” کے انتہا پسند نظریے سے جڑا ہوا ایک تخیلاتی جغرافیائی خاکہ ہے جو لبنان، شام، اردن، سعودی عرب کے حصوں اور عراق تک پھیلا ہوا ہے۔ امریکی سفیر کا اس نظریے کی حمایت میں بیان عالمی سطح پر شدید تنقید کی زد میں آ گیا ہے۔

متعلقہ پوسٹ