نیویارک: اقوامِ متحدہ نے امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ تمام تنازعات سفارتی ذرائع سے حل کیے جائیں۔
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی فوجی نقل و حرکت، جنگی مشقوں اور بحری موجودگی میں اضافہ خطے کے امن کے لیے سنگین خدشات پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ تحمل کا مظاہرہ کیا جائے اور بات چیت کا راستہ اختیار کیا جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایران نے اقوامِ متحدہ کو باضابطہ خط لکھ کر خبردار کیا تھا کہ کسی بھی ممکنہ جارحیت کی صورت میں تہران اپنے دفاع کا پورا حق استعمال کرے گا اور اس کے تمام نتائج کی ذمہ داری واشنگٹن پر عائد ہوگی۔
سفارتی حلقوں میں یہ پیش رفت انتہائی سنجیدگی سے لی جا رہی ہے، کیونکہ خطے میں پہلے سے غزہ تنازع اور دیگر بحرانوں کے باعث صورتحال انتہائی حساس ہے

