میانوالی کے علاقے ماڑی انڈس میں الفجر انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام بین الاقوامی سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کا موضوع ’’نظامِ معیشت اور ذرائع ابلاغ، سیرتِ نبوی ﷺ کی روشنی میں‘‘ تھا۔ کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی اسکالرز، علمائے کرام، ماہرینِ تعلیم اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرتِ نبوی ﷺ عصرِ حاضر کے معاشی، معاشرتی اور ابلاغی مسائل کے حل کے لیے جامع رہنمائی فراہم کرتی ہے، معاشی نظام میں عدل و انصاف، کاروبار میں دیانت داری اور ذرائع ابلاغ میں سچائی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے دور میں فیک نیوز اور ڈیپ فیک کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبروں کی تصدیق کو ضروری قرار دیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ معاشرے اور اداروں کی ضروریات کے مطابق تعلیمی و تربیتی نظام تشکیل دینے کے ساتھ بنیادی اصولوں اور درست فکری سمت کو برقرار رکھنا بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے اساتذہ کو جدید تقاضوں کے مطابق اپنے علم کو اپ ڈیٹ کرنے اور طلبہ کو ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال کی تربیت دینے پر زور دیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اسلام کو مکمل ضابطۂ حیات قرار دینے کے باوجود معاشی، سیاسی اور سماجی شعبوں میں اسلامی تعلیمات کو عملی شکل دینے کی ضرورت ہے۔ معاشرتی ہم آہنگی، امن اور اتحاد کے فروغ کے لیے ایک دوسرے کے احترام، برداشت اور مکالمے کو اپنانا ہوگا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ کی تعلیمات کو انفرادی اور اجتماعی زندگی میں عملی طور پر نافذ کرکے ایک بہتر اور پرامن معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔


