کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) جیئند گروپ کے سابق سربراہ بشیر زیب کو سینیئر کمانڈ کونسل کے تین نومبر کے ایک فیصلے کے تحت عہدے سے ہٹانے کے بعد 14 نومبر کو گل رحمان عرف مرید کو نیا سربراہ مقرر کر دیا گیا۔ قیادت کی یہ تبدیلی تنظیم کے داخلی معاملات، مستقبل کے لائحہ عمل اور نئی عسکری حکمت عملی اور سٹریٹجک ترجیحات سے متعلق کئی اہم سوالات کو جنم دیتی ہے۔
گل رحمان عرف مرید اس سے قبل تنظیم کے نائب سربراہ تھے اور خودکش دستے مجید بریگیڈ کی کارروائیوں کی نگرانی کرتے تھے۔
بشیر زیب نے 2018 میں قندھار میں اسلم بلوچ کی موت کے بعد بی ایل اے کی قیادت سنبھالی تھی۔ وہ بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے ڈاکٹر اللہ نذر بلوچ کے بعد طویل ترین عرصے تک کسی بلوچ شدت پسند تنظیم کے رہنما بنے۔
بشیر زیب کے دور قیادت میں بی ایل اے۔جیئند بلوچ شورش کا سب سے مہلک اور خوفناک گروہ بن کر ابھرا، جس نے خصوصی دستے متعارف کروائے، جنگی محاذوں پر خواتین کو شامل کیا، جارحانہ سوشل میڈیا مہمات چلائیں اور بلوچستان کے مختلف مقامات پر تقریباً بیک وقت بڑے پیمانے پر کارروائیاں کیں، جنہیں ’آپریشن ہیروف‘ کا نام دیا گیا۔
اگرچہ سینیئر کمانڈ کونسل بشیر زیب کی برطرفی کو بی ایل اے کے آئین پر مبنی ایک مشاورتی اور جمہوری عمل کا نتیجہ قرار دیتی ہے تاہم زمینی حقائق ایک ابھرتے ہوئے داخلی بحران اور عسکری اختلافات کی نشاندہی کرتے ہیں۔
اس سارے معاملے کا آغاز اس وقت ہوا جب ’آپریشن ہیروف ٹو‘ بشیر زیب کے لیے ایک عسکری تباہی اور ڈراؤنا خواب ثابت ہوا۔ ’آپریشن ہیروف اول‘ کے برعکس، جس نے اپنے بڑے پیمانے اور جغرافیائی پھیلاؤ کی وجہ سے پاکستانی سکیورٹی اداروں کو حیران کر دیا تھا، ’آپریشن ہیروف دوم‘ سے قبل سکیورٹی ادارے عسکری طور پر زیادہ بہتر انداز میں تیار اور باخبر تھے۔
جنوری میں شروع کیا جانے والا ’ہیروف ٹو‘ ناکام ثابت ہوا۔ سوشل میڈیا پر وقتی شور مچانے کے علاوہ یہ زمین پر کوئی خاص اثر ڈالنے میں ناکام رہا۔ اہم بات یہ ہے کہ اس میں کلاسیکل گوریلا جنگ کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کی گئی، جو آمنے سامنے کی باقاعدہ لڑائی سے گریز کرتے ہوئے چھوٹے پیمانے پر تیز رفتار مگر شدید اثر انداز ہونے والی ’مارو اور بھاگو‘ کارروائیوں پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں۔
’ہیروف ٹو‘ کے لیے ایک ہی جگہ پر شدت پسند جنگجوؤں کی بڑی تعداد کو جمع کرنا ضروری تھا۔ اس حکمت عملی نے بی ایل اے کے جنگجوؤں کو روایتی طور پر برتری رکھنے والے پاکستانی سکیورٹی اداروں کے سامنے بے نقاب کر دیا، جنہوں نے آپریشن ’رد الفتنہ 2‘ میں بی ایل اے کے 215 جنگجوؤں کو مار دیا۔ خود بی ایل اے نے بھی ’ہیروف ٹو‘ کے بعد شروع کیے گئے انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کے دوران اپنے 90 جنگجوؤں کی موت کا اعتراف کیا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اتنی بڑی تعداد میں تجربہ کار جنگجوؤں کی موت بی ایل اے۔جیئند کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا تھی۔ اس کے نتیجے میں بشیر زیب کو کمانڈ کونسل، خاص طور پر گل رحمان کی جانب سے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ فروری میں بشیر زیب کو بی ایل اے کے فیصلہ سازی کے عمل سے الگ تھلگ کر دیا گیا اور تب سے گل رحمان ہی بی ایل اے۔جیئند کے غیر اعلانیہ (ڈی فیکٹو) سربراہ کے طور پر عسکری کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور فیصلے کر رہے ہیں۔
گل رحمان بی ایل اے میں شمولیت سے قبل مبینہ طور پر پاکستان فوج میں بطور کیپٹن خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ایک شدت پسند کمانڈر کی حیثیت سے وہ تربیت کار، مجید بریگیڈ کے سربراہ اور بشیر زیب کے نائب کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ چنانچہ کمانڈ کونسل کا یہ فیصلہ تنظیمی تسلسل کی عکاسی کرتا ہے۔
تاہم، تاریخی طور پر بلوچ علیحدگی پسند تحریکوں میں قیادت کی تبدیلیوں کے نتیجے میں اکثر دھڑے بندی باہمی خانہ جنگی اور سیاسی چپقلش نے جنم لیا ہے۔ قیادت کے یہ تنازعات اور دھڑے بندی کی لڑائیاں زیادہ تر مالی بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور حیربیار مری اور براہمداغ بگٹی جیسے قبائلی سرداروں کی جانب سے بلوچ شدت پسند گروہوں کو ذاتی ملیشیا کے طور پر چلانے کے الزامات کے گرد گھومتی رہی ہیں۔
تاہم اسلم بلوچ اور پھر بشیر زیب کے بی ایل اے کی قیادت سنبھالنے کے بعد یہ داخلی لڑائیاں کم ہو گئیں۔ ان کے دور میں بلوچ شورش کے اندر دھڑے بندی کی جگہ بین الجماعتی اتحادوں (جیسے کہ بلوچ راجی آجوئی سنگر یا براس)، بلوچ قبائلیت کے گھٹتے ہوئے اثر و رسوخ اور بلوچ متوسط طبقے کے بڑھتے ہوئے کردار نے لے لی۔
بی ایل اے۔جیئند میں برطرفی اور نئی تقرری تقریباً عین اسی وقت عمل میں آئی ہے جب بی ایل اے۔آزاد اور فری بلوچستان موومنٹ میں استعفوں اور انحراف کا سلسلہ جاری ہے، جہاں حیربیار مری کی قیادت پر اعتماد ایک بار پھر متزلزل ہوا ہے۔ یوں، یہ بحران بی ایل اے کے دونوں دھڑوں میں تقریباً بیک وقت جنم لے رہا ہے۔
اس پس منظر میں گل رحمان کو بشیر زیب کے وفاداروں کی جانب سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا، جو انہیں عصر حاضر کی بلوچ نسلی قوم پرستی کا ایک اہم نظریہ ساز اور ایک غیر معمولی قد آور شخصیت سمجھتے ہیں۔ ان کے حامی خاموش بیٹھ کر ان کی برطرفی کو آسانی سے ہضم نہیں کریں گے۔ لہٰذا، قیادت کے تسلسل اور اتحاد سازی پر مشتمل کئی برسوں کے داخلی استحکام کے بعد، بی ایل اے میں قیادت کی اس تبدیلی نے دھڑے بندی، قیادت کے تنازعات اور داخلی رسہ کشی کے پرانے زخموں کو پھر سے ہرا کر دیا ہے۔
یہ ہی رجحانات گل رحمان کے لیے بنیادی چیلنجز بن کر ابھریں گے اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کا امتحان لیں گے، جن کے بلوچستان میں شورش اور انسدادِ شورش دونوں کے منظرنامے پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔
خیال ہے کہ عملی طور پر گل رحمان، آپریشن ہیروف اول اور دوم جیسی بڑے پیمانے کی کارروائیوں میں محدود وسائل ضائع کرنے اور جنگجوؤں کی بڑی تعداد کو خطرے میں ڈالنے کے بجائے، بی ایل اے۔جیئند کی توجہ دوبارہ کلاسیکی گوریلا کارروائیوں کی طرف موڑ دیں گے۔ بی ایل اے۔جیئند کے اندر مجید بریگیڈ کا کردار مزید نمایاں ہو گا کیونکہ شدید اثر انداز ہونے والی بڑی کارروائیوں کے لیے انحصار خودکش حملوں پر ہوگا۔ اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا گل رحمان مجید بریگیڈ کی کمان اپنے پاس ہی رکھتے ہیں یا کسی اور کے سپرد کرتے ہیں۔
کم از کم بی ایل اے۔آزاد کے منحرف کمانڈر بی ایل اے۔جیئند میں شامل ہونے کی طرف مائل ضرور ہوسکتے ہیں۔
گل رحمان کی تقرری کے نتیجے میں بلوچستان میں چین مخالف عسکریت پسندی پر بھی نئے سرے سے توجہ مرکوز کی جائے گی۔ بی ایل اے۔جیئند میں وہ بلوچستان میں چینی سرمایہ کاری اور منصوبوں کے سب سے سخت ناقد رہے ہیں۔ وہ اپریل 2024 میں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے باہر چینی انجینیئروں پر ہونے والے حملے کے ساتھ ساتھ کئی دیگر ہائی پروفائل حملوں کے بھی ماسٹر مائنڈ تھے۔
بشیر زیب کی برطرفی اور بی ایل اے۔آزاد میں حیربیار مری کے خلاف فیلڈ کمانڈروں کی بغاوت دونوں دھڑوں کے اتحاد کی راہ بھی ہموار کر سکتی ہے۔
تاہم، قیادت کی تبدیلیوں کے باعث بلوچ شورش ایک نازک اور دور رس نتائج کے حامل ارتقائی مرحلے سے گزر رہی ہے۔ پاکستانی سکیورٹی اداروں کے لیے یہ ایک بہترین موقع ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ عسکری و عملی معلومات حاصل کر کے بی ایل اے۔جیئند اور بی ایل اے۔آزاد کے لیے اس عبوری دور کو طویل اور تکلیف دہ بنا دیں۔ شدت پسند تحریکوں میں قیادت کی ہنگامہ خیز تبدیلیوں کے دوران، خوفزدہ اور غیر محفوظ جنگجو مراعات اور عام معافی کے بدلے رضاکارانہ طور پر مخبر بن سکتے ہیں۔
برسوں کے انضمام اور اتحاد کے بعد بلوچ شورش میں دھڑے بندی اور داخلی تنازعات کی پرانی دراڑیں پھر سے نمودار ہو گئی ہیں اور پاکستانی ریاست کو اس صورت حال سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔
مضمون نگار سنگاپور کے ایس راجارتنم سکول آف انٹرنیشنل سٹڈیز میں سینیئر ایسوسی ایٹ فیلو ہیں۔ یہ تحریر ان کی ذاتی رائے پر مبنی ہے، جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔


