
(ویب ڈیسک)پاکستانی سفارتخانے نے آسٹریا، سلوواکیہ اور ہنگری میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے نابالغ بچوں کے پاسپورٹ کے اجرا اور تجدید سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی ہیں، جن کے تحت 18 سال سے کم عمر بچوں کی پاسپورٹ درخواست جمع کرواتے وقت والدین دونوں کی موجودگی اور مشترکہ رضامندی لازمی قرار دی گئی ہے۔
سفارتخانے کے مطابق ای پاسپورٹ سسٹم کے نفاذ کے بعد یہ نئے تقاضے فوری طور پر لاگو کر دیے گئے ہیں، اب نابالغ بچے یا بچوں کے پاسپورٹ کے اجرا یا تجدید کے لیے والد اور والدہ دونوں کو بچے کے ہمراہ سفارتخانے میں ذاتی طور پر حاضر ہونا ہوگا۔
نئی ہدایات کے تحت اگر بچے کے ساتھ والدین میں سے صرف ایک موجود ہو تو عام حالات میں پاسپورٹ کی درخواست پر کارروائی نہیں کی جائے گی، اس کے علاوہ دونوں والدین کو مشترکہ رضامندی کا تحریری خط بھی جمع کروانا ہوگا، جس پر ان کے دستخط ہوں اور جس میں بچے کے پاسپورٹ کے اجرا یا تجدید کی واضح اجازت دی گئی ہو۔
تاہم سفارتخانے نے دو مخصوص صورتوں میں اس شرط سے استثنیٰ دیا ہے، پہلی صورت میں اگر نابالغ بچے کی واحد قانونی تحویل والدین میں سے کسی ایک کے پاس ہو تو متعلقہ والد یا والدہ کو اس حوالے سے مستند قانونی دستاویز فراہم کرنا ہوگی،اس مقصد کے لیے عدالتی حکم نامہ یا تحویل سے متعلق کوئی دوسری قانونی طور پر تسلیم شدہ دستاویز قابل قبول ہوگی۔
دوسری صورت میں اگر والدین میں سے کسی ایک کا انتقال ہو چکا ہو تو زندہ والد یا والدہ کو مرحوم شریکِ حیات کا سرکاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:ارجنٹائن: فٹبال میچ کے دوران گیند سر پر لگنے سے 18 سالہ کھلاڑی چل بسا
پاکستانی سفارتخانے نے آسٹریا، سلوواکیہ اور ہنگری میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ پاسپورٹ کی درخواست جمع کروانے سے قبل تمام نئی شرائط کا جائزہ لیں اور مطلوبہ دستاویزات مکمل کرکے سفارتخانے آئیں۔
سفارتخانے کا کہنا ہے کہ ان ہدایات پر عمل کرنے سے درخواستوں کی کارروائی میں ممکنہ تاخیر اور غیر ضروری مشکلات سے بچا جا سکے گا۔

