ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں سیاسی کشیدگی کے درمیان آتش زنی، بم دھماکوں اور حملوں کے واقعات میں تیزی آ گئی ہے۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کم از کم 4 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، کئی سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا ہے، جبکہ کالعدم عوامی لیگ نے ملک گیر لاک ڈاؤن کی اپیل کی ہے۔
ایک بس ہیلپر کو سوتے ہوئے زندہ جلا دیا گیا، جبکہ احتجاجی موٹر سائیکل ریلی پر حملے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ اس کے علاوہ ایک وزیر کی رہائش گاہ کے باہر بھی بم دھماکہ ہوا۔ حالات کے پیش نظر کالعدم عوامی لیگ نے 19 نومبر کو ملک گیر ’’لاک ڈاؤن‘‘ کی اپیل کی ہے۔
پولیس کے مطابق بدھ کی شام ضلع نرائل میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی موٹر سائیکل ریلی پر کالعدم عوامی لیگ کے کارکنوں نے حملہ کیا۔ بی این پی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ریلی میں شامل افراد پر عوامی لیگ کے سابق رکن پارلیمنٹ کبیرال حق مختی کے گھر کے قریب گھات لگا کر حملہ کیا گیا۔
کلیا اپازیلا کرشک دل کے جنرل سیکریٹری محمد شاہین اور مقامی جساس یونٹ کے جنرل سیکریٹری سہیل شدید زخمی ہوئے اور علاج کے لیے اسپتال لے جانے کے دوران ہی ان کی موت ہو گئی۔ پولیس نے کہا کہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے، جبکہ عوامی لیگ کی جانب سے تاحال اس واقعے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
ان ہلاکتوں کے بعد گزشتہ دو دنوں کے دوران تشدد کے واقعات میں مرنے والوں کی تعداد کم از کم چار ہو گئی ہے۔ عوامی لیگ نے شیخ حسینہ کو سزائے موت سنائے جانے کی پہلی برسی کے موقع پر پانچ روزہ پروگرام کا اعلان کیا ہے اور 19 نومبر کو ملک گیر لاک ڈاؤن کی اپیل کی ہے۔
اس کے جواب میں وزیر اعظم طارق رحمان نے تمام جمہوری جماعتوں سے متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے 2024ء میں جمہوریت کے حق میں ہونے والی تحریک کے دوران جس طرح مختلف جماعتیں متحد ہوئی تھیں، اسی طرح دوبارہ اتحاد قائم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کالعدم عوامی لیگ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ شیخ حسینہ نے اپنے حامیوں کو جمہوریت نواز شہریوں کے گھروں کو نذرِ آتش کرنے کے احکامات دیے تھے۔
تشدد کی آگ صرف ضلع نرائل تک محدود نہیں رہی۔ ضلع گوپال گنج میں عوامی لیگ کے کارکنوں نے بی این پی کے رکن پارلیمنٹ ایم بابر کے تھانہ پارا میں واقع کلینک میں توڑ پھوڑ کی اور فرنیچر کو آگ لگا دی۔ اس سے قبل کاشیانی میں بی این پی کے ایک دفتر کو بھی نذرِ آتش کر دیا گیا۔ مظاہرین نے درختوں کے تنے سڑک پر ڈال کر ڈھاکہ-کھلنا شاہراہ بند کر دی، جس سے بس خدمات متاثر ہوئیں۔
ضلع پیروج پور کے بھنڈاریا علاقے میں دو بسوں کو آگ لگا دی گئی، جن میں سے ایک بس کے اندر سویا ہوا ہیلپر آگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا۔ مشعلوں لے کر احتجاج کرنے والے مظاہرین نے پدما پل پر بھی ٹریفک روک دی، جو ملک کے جنوب مغربی علاقوں کو دارالحکومت سے جوڑنے والی اہم شاہراہ ہے۔
منگل کی رات بھی تشدد کے کئی واقعات پیش آئے۔ پولیس کے مطابق گوپال گنج میں پیٹرول بم حملے کے نتیجے میں بی این پی کارکن راجو ملاہ کی موت ہو گئی۔ ڈھاکہ میں ثقافتی امور کے وزیر نتائی رائے چودھری کی رہائش گاہ کے باہر دیسی ساختہ بم دھماکہ ہوا، جبکہ ایک پولیس اسٹیشن کو آگ لگانے سے سات پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
منگل کو بنگلہ دیش کی ایک عدالت کی جانب سے شیخ حسینہ کو سزائے موت سنائے جانے کا ایک سال مکمل ہوا۔ عدالت نے انہیں 2024ء کی طلبہ تحریک کے دوران مظاہرین کے خلاف مہلک کریک ڈاؤن کا حکم دینے کے جرم میں یہ سزا سنائی تھی۔ شیخ حسینہ تاحال ہندوستان میں مقیم ہیں اور بی این پی کی قیادت والی موجودہ حکومت نے دسمبر میں ان کی وطن واپسی کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
عوامی لیگ کے حامیوں نے عدالتی فیصلے کے خلاف احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکلنا شروع کر دیا ہے۔ حکومت کا الزام ہے کہ پارٹی شیخ حسینہ کی ممکنہ واپسی سے قبل ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ وزیر داخلہ نے بیرون ملک مقیم عوامی لیگ کے رہنماؤں پر آتش زنی کے واقعات کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا ہے۔
نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کے قائم کردہ گرامین بینک کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق 10 نومبر سے اب تک بینک کی کم از کم 37 شاخوں اور دفاتر پر حملے کیے جا چکے ہیں۔ محمد یونس نے شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد عبوری حکومت کی قیادت کی تھی، جس کے باعث انہیں عوامی لیگ کے حامیوں کی مخالفت کا سامنا رہا ہے۔
حالات پر قابو پانے کے لیے سکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ بارڈر گارڈ بنگلہ دیش (بی جی بی) کی 21 پلاٹونیں مختلف علاقوں میں تعینات کی گئی ہیں، جن کی سرگرمیوں پر ڈرون اور اہلکاروں کے جسم پر نصب کیمروں کے ذریعے براہِ راست نگرانی کی جا رہی ہے۔ ڈھاکہ پولیس کے ترجمان نیاز مہدی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے کم از کم 71 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
حکام کی خصوصی توجہ گوپال گنج پر مرکوز ہے، جہاں سے بدامنی کا سلسلہ شروع ہوا تھا اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہاں حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔

