
(ویب ڈیسک)جنگ زدہ علاقوں میں امدادی قافلوں کی نقل و حرکت ہو یا سمندر میں بحری جہازوں اور طیاروں کی پرواز، ان سب کا تحفظ جی پی ایس (GPS)، سیٹلائٹ نیویگیشن اور ریڈیو مواصلاتی نظام سے جڑا ہے تاہم سگنلز کی جیمنگ (روکنے یا خلل ڈالنے) اور سپوفنگ (جعلی سگنلز کے ذریعے غلط معلومات دینے) کے بڑھتے ہوئے رجحان سے اب عام شہری بھی براہِ راست متاثر ہو رہے ہیں۔
تخفیفِ اسلحہ پر تحقیق کے اقوام متحدہ کے ادارے (UNIDIR) میں سلامتی اور ٹیکنالوجی پروگرام کے محقق فیڈریکو مانتیلاسی نے یو این نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی پر انحصار بڑھنے کے ساتھ سگنل میں مداخلت اور جعل سازی کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔
ان کے مطابق برقی مقناطیسی طیف (ریڈیو لہروں، مائیکرو ویوز، انفراریڈ، مرئی روشنی، ایکس ریز اور گاما شعاعوں پر مشتمل توانائی کی لہروں کی رینج) کا استعمال 20ویں صدی کے اوائل میں شروع ہوا اور دوسری عالمی جنگ میں اسے فروغ ملا، مگر اب یہ جدید عسکری کارروائیوں کی بنیاد بن کر ایک الگ میدانِ جنگ کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
انہوں نے حالیہ دنوں جنیوا میں ادارے کے اختراعی مکالمے کے اجلاس کی نظامت بھی کی جس میں امن و سلامتی پر ان اثرات کا جائزہ لیا گیا۔مانتیلاسی کے مطابق جب جنگی سرگرمیاں روزمرہ اور تجارتی زندگی کے قریب آتی ہیں تو ضمنی اثرات بڑھ جاتے ہیں۔
انہوں نے رواں سال کے اوائل میں ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں سے شروع ہونے والی جنگ کے دوران ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خلیجِ عدن اور آبنائے ہرمز میں جیمنگ اور سپوفنگ کے واقعات میں اضافے سے بحری جہازوں کے آپس میں ٹکرانے کا خطرہ بڑھا۔
یو این آئی ڈی آئی آر کے مطابق 2024 میں جنوری سے اگست کے دوران شہری ہوابازی میں جی پی ایس سگنلز کی جعل سازی کے واقعات میں 500 فیصد اضافہ ہوا جس سے سیکڑوں پروازیں متاثر ہوئیں،سگنلز میں خلل سے امدادی کارکنوں، امن دستوں اور ہنگامی خدمات کے ساتھ ساتھ موبائل، انٹرنیٹ، ریسکیو، عوامی نقل و حمل اور مالیاتی نظام بھی متاثر ہو سکتے ہیں، جبکہ طیاروں کے پوزیشن سسٹم غلط مقام بتانے پر پائلٹوں کو متبادل و روایتی طریقوں پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔
مصنوعی ذہانت اور ضابطہ جاتی خلا: مانتیلاسی نے خبردار کیا کہ جیمنگ اور سپوفنگ میں اضافے کے ساتھ اقدامات اور جوابی اقدامات کا سلسلہ چل رہا ہے اور برقی مقناطیسی طیف میں مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس ہتھیاروں کی دوڑ بھی سامنے آ رہی ہے، خاص طور پر جب ڈرون کے ریڈیو لنک منقطع ہونے پر نیویگیشن، ہدف کی شناخت اور حملے کے لیے اے آئی پر انحصار کیا جائے اور انسانی نگرانی کم ہو۔
انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی ٹیلی مواصلاتی یونین (ITU) ریڈیو فریکوئنسی مختص کرتی اور سگنل مداخلت پر کارروائی کا طریقہ کار فراہم کرتی ہے، لیکن اس کے قواعد میں فریکوئنسی کے عسکری استعمال کو شامل نہیں کیا گیا، جس کے باعث عسکری سرگرمیوں کے آغاز پر یہ نظام محدود ہو جاتا ہے۔ ان کے بقول سگنلز میں خلل اور جوابی اقدامات کو تخفیفِ اسلحہ کے ایجنڈے میں سنجیدہ توجہ کی ضرورت ہے کیونکہ یہ معاملہ شہری تحفظ سے براہِ راست جڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :فیصل آباد؛انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث خاتون سمیت 4 ملزمان گرفتار

