کراچی:
پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کی مناسبت سے خلائی تحقیق کے قومی ادارے سپارکو نے ایک منفرد اقدام کرتے ہوئے علامتی بورڈنگ پاس جاری کردیا، جس کے ذریعے پوری قوم کو اس تاریخی سفر کا حصہ بننے کا موقع فراہم کیا گیا ہے.
ترجمان سپارکو کے مطابق علامتی بورڈنگ پاس کے اجراء کا مقصد پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی کے خلائی سفر کی خوشی اور فخر میں پوری پاکستانی قوم کو شریک کرنا ہے۔
سپارکو کی جانب سے اس منفرد اقدام کے تحت ایک خصوصی لنک فراہم کیا گیا،جس پر کلک کرکے کوئی بھی پاکستانی شہری اپنے نام سے علامتی بورڈنگ پاس جاری کروا سکتا تھا.
اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے لاتعداد پاکستانی شہریوں نے اپنے نام کے بورڈنگ پاس حاصل کیے اور انہیں سوشل میڈیا پر دوستوں اور عزیز و اقارب کے ساتھ شیئر کرکے اس تاریخی مشن سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔
سپارکو کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد پاکستان کے خلائی سفر کے اس اہم سنگ میل کو قومی خوشی اور اجتماعی فخر کا موقع بنانا ہے۔

