اسلام آباد — پاکستان کی مسلح افواج نے آپریشن غضب للحق کے تحت افغان سرحد پر بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 133 افغان طالبان جنگجوؤں کو ہلاک اور 200 سے زائد کو زخمی کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے افغان طالبان کی 16 سرحدی پوسٹیں مکمل طور پر تباہ کر دیں جبکہ 7 پوسٹوں پر قبضہ کر کے پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا۔ جوابی کارروائی میں 36 سے زائد افغان ٹینک، آرٹلری گنز اور آرمرڈ پرسنل کیریئرز کو تباہ کر دیا گیا۔ افغان طالبان کئی چوکیاں اور ٹھکانے چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
پاک فضائیہ نے بھی آپریشن میں فعال کردار ادا کرتے ہوئے افغان طالبان کی بٹالین، سیکٹر ہیڈکوارٹرز اور ایمونیشن ڈپو کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ دشمن کی جانب سے کواڈ کاپٹرز کے ذریعے حملے کی کوشش بھی ناکام بنا دی گئی اور تمام ڈرونز کو مار گرایا گیا۔
تاہم افغان طالبان کی جانب سے سویلین آبادی کو نشانہ بنانے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ باجوڑ میں مارٹر گولے گرنے سے 3 خواتین سمیت 5 شہری زخمی ہو گئے جبکہ دہشت گردوں نے ایک مسجد کو بھی نشانہ بنایا، جسے پوری دنیا میں شدید مذمت کا سامنا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن جاری ہے اور طالبان ٹھکانوں کو ایک ایک کر کے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

