سان خوسے: کوسٹا ریکا کی حکومت نے جمعرات کو کہا کہ اس نے فلسطینی علاقوں سے متعلق اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیز کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی، کیونکہ ان کے بقول وہ "دہشت گردانہ کارروائیوں سے روابط کے سلسلے میں بین الاقوامی الرٹ” کا سامنا کر رہی ہیں۔ البانیز دارالحکومت کے ہوائی اڈے پر پہنچی تھیں اور یونیورسٹی آف کوسٹا ریکا سے اعزازی ڈاکٹریٹ لینے کے لیے آئی تھیں۔
محکمہ امیگریشن کے ڈائریکٹر جنرل اومر بادیلا نے وزارت داخلہ کے ادارے کی جانب سے جاری ویڈیو میں کہا کہ البانیز اس الرٹ کا موضوع ہیں اور امید ظاہر کی کہ اس سے واضح ہو جائے گا کہ وہ قومی سلامتی کے لیے کس نوعیت کا خطرہ ہیں۔ یونیورسٹی کے ریکٹر کے دفتر نے بیان میں کہا کہ امیگریشن حکام ان کی آمد روک رہے ہیں، اور حکومت سے فیصلے کی وضاحت طلب کی۔ یونیورسٹی نے بتایا کہ ڈگری ان کے علمی پس منظر، تجربے، تصانیف اور بدعنوانی و غلط کاریوں کو بے نقاب کرنے کے کام کے اعتراف میں دی جا رہی تھی۔
صدر لورا فرنانڈیز کی حکومت امریکی صدر ٹرمپ کی قریبی اتحادی ہے اور مئی میں اقتدار سنبھالنے کے بعد اسرائیل سے تجارتی تعلقات مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ گزشتہ دسمبر میں البانیز نے دونوں ممالک کے آزاد تجارتی معاہدے پر تنقید کرتے ہوئے اس کی منظوری روکنے کا مطالبہ کیا تھا، جس پر حکومت نے ان پر داخلی معاملات میں مداخلت کا الزام لگایا تھا۔ امریکہ پہلے ہی غزہ پالیسی پر تنقید کے بعد ان پر پابندیاں لگا چکا ہے۔ ہوائی اڈے سے اپنے پیغام میں البانیز نے لکھا کہ سامراج کی اصل شکل اس دن نظر آتی ہے جب آپ اس کے کسی حساس معاملے کو چھیڑتے ہیں۔
اٹلی سے تعلق رکھنے والی آزاد ماہر کو اسرائیل اور اس کے بعض اتحادیوں کی سخت تنقید کا سامنا رہا ہے، جبکہ وہ اسرائیل پر غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں نسل کشی اور دیگر جنگی جرائم کے الزامات لگاتی رہی ہیں۔ اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر ڈینی ڈینن نے کوسٹا ریکا کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ جو لوگ اقوام متحدہ کے منصب کا ناجائز استعمال کر کے پروپیگنڈا پھیلاتے ہیں انہیں اپنے اعمال کے نتائج بھگتنے چاہئیں۔
غزہ میں جنگ 7 اکتوبر 2023ء سے جاری ہے۔ حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 73 ہزار سے زیادہ فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ اے ایف پی کی گنتی کے مطابق، جو اسرائیلی سرکاری اعداد پر مبنی ہے، 7 اکتوبر کے حملے میں 1,221 افراد ہلاک ہوئے۔ البانیز کو 2022ء میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے مقرر کیا تھا اور دیگر آزاد ماہرین کی طرح وہ اقوام متحدہ کی باضابطہ نمائندگی نہیں کرتیں۔

