سپریم کورٹ میں کیس کی اہم دستاویزات دورانِ ترسیل چوری، فریقین کو نئی درخواست جمع کرانے کی ہدایت

اسلام آباد – سپریم کورٹ میں زیر سماعت ایک اہم کیس کی عدالتی دستاویزات کوریئر سروس کی گاڑی سے چوری ہو گئیں۔ عدالت کے کورٹ ایسوسی ایٹ نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے متعلقہ فریق کو باضابطہ طور پر مطلع کر دیا ہے۔عدالتی ذرائع کے مطابق یہ دستاویزات کراچی رجسٹری سے اسلام آباد سپریم کورٹ بھیجی جا رہی تھیں، جنہیں کوریئر سروس کے ذریعے منتقل کیا جا رہا تھا۔ دورانِ سفر کوریئر کمپنی کی گاڑی کو نامعلوم افراد نے چھین لیا، جس کے نتیجے میں گاڑی کے ساتھ کیس سے متعلق اہم عدالتی دستاویزات بھی چوری ہو گئیں۔کورٹ ایسوسی ایٹ نے فریق کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلد از جلد نئی درخواست عدالت میں جمع کرائیں تاکہ عدالتی کارروائی میں تعطل نہ آئے۔تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ واقعے کے پیچھے کون ملوث ہے اور آیا ایف آئی آر درج کی گئی ہے یا نہیں، تاہم دستاویزات کی سیکیورٹی سے متعلق سوالات نے عدالتی نظام اور کوریئر خدمات کی کارکردگی پر سنجیدہ تحفظات کھڑے کر دیے ہیں۔

متعلقہ پوسٹ