وزارتِ داخلہ نے بیرون ممالک سے جرائم، ناپسندیدہ سرگرمیوں یا غیر قانونی اقدامات کی بنیاد پر ڈی پورٹ کیے گئے پاکستانی شہریوں کے لیے نیا ضابطہ نافذ کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت ایسے افراد کے نام پانچ سال کے لیے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (PCL) میں شامل کیے جائیں گے۔
ترجمان وزارتِ داخلہ کے مطابق ڈی پورٹ شہری کا نام PCL میں شامل ہونے کے بعد وہ 5 سال تک بیرون ملک سفر نہیں کر سکے گا۔
ضرورت پڑنے پر کسی شہری کو 5 سال سے زیادہ مدت کے لیے بھی PCL پر رکھا جا سکتا ہے۔
یہ قانون ان پاکستانیوں پر لاگو ہوگا جنہیں فوجداری مقدمات، غیر قانونی سرگرمیوں یا ناپسندیدہ اقدامات کی بنیاد پر ملک بدر کیا گیا ہو۔
کسی بھی شہری کو 5 سال سے زیادہ عرصہ PCL پر رکھنے کے لیے متعلقہ ادارے کو تحریری وجوہات اور سفارش دینا لازم ہوگا۔
یہ قواعد و ضوابط پہلے ہی وفاقی کابینہ سے باضابطہ منظوری حاصل کر چکے ہیں۔
وزارتِ داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ قانون کی خلاف ورزی، جعلی دستاویزات یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی صورت میں نہ صرف ملک بدر کیا جا سکتا ہے بلکہ آئندہ پانچ سال تک دوبارہ سفر کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی۔
وزارتِ داخلہ نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ قانونی رہنمائی کے بغیر غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جانے یا مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے گریز کریں، ورنہ مستقبل کے سفری مواقع بری طرح متاثر ہو سکتے ہیں۔
