اسلام آباد: جوڈیشل کمپلیکس خودکش دھماکے کے بعد حساس اداروں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملے کے سہولت کار اور ہینڈلر کو گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سول انٹیلیجنس ایجنسی کی فوری کارروائی کے نتیجے میں صرف 40 گھنٹوں کے اندر دہشت گرد نیٹ ورک کے دو اہم کرداروں کو حراست میں لے لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سہولت کار گزشتہ ایک ماہ سے راولپنڈی میں مقیم تھا اور اس دوران اس نے راولپنڈی کینٹ کے اہم مقامات کی ریکی بھی کی۔ سہولت کار کو ڈھوک پراچہ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔
دوسری جانب ہینڈلر کو خیبرپختونخوا سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خودکش دھماکے سے قبل سہولت کار اور حملہ آور نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں متعدد بار ریکی کی تھی۔ گرفتار سہولت کار کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
تحقیقات کے مطابق حملے کے پیچھے موجود نیٹ ورک کی نشاندہی کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جا رہی ہے، جب کہ مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

