آیت اللہ خامنہ ای کی آخری رسومات کا اعلان، ایران امریکہ معاہدہ تکمیل کے قریب


تہران: ایرانی حکام نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات ۴؍ جولائی سے شروع ہوں گی۔ سرکاری میڈیا کے مطابق چھ روزہ سوگ کا آغاز تہران سے ہوگا جہاں عوامی اجتماع منعقد کیا جائے گا، اس کے بعد ۷؍ جولائی کو قم میں تقریب ہوگی، جبکہ ۹؍ جولائی کو مشہد میں امام رضاؑ کے روضے کے قریب تدفین عمل میں آئے گی۔ یہ فیصلہ ان کی وصیت کے مطابق کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای تقریباً ۳۷ برس تک ایران کے سپریم لیڈر رہے اور ۲۸؍ فروری کو تہران میں امریکی اور اسرائیلی مشترکہ فضائی حملے میں جاں بحق ہوئے تھے۔ ان کے صاحبزادے آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای، جو خود بھی حملے میں زخمی ہوئے تھے، کو نیا سپریم لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ایک اہم معاہدہ ہفتے کے اختتام یا پیر تک طے پا سکتا ہے، جس کے تحت ایران جوہری ہتھیاروں کی کوششیں ترک کرے گا اور آبنائے ہرمز کو تجارت کے لیے کھلا رکھے گا۔ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی کہا کہ امن معاہدہ ’’پہلے سے کہیں زیادہ قریب‘‘ ہے اور اہم پیش رفت متوقع ہے۔ ایرانی حکومت نے تاحال ان دعووں کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

متعلقہ پوسٹ