اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے بحیرۂ عرب میں پاک بحریہ کے بڑے پیمانے پر ہونے والے کامیاب انسدادِ منشیات آپریشن کو سراہتے ہوئے اسے ملک کے لیے قابلِ فخر کارنامہ قرار دیا ہے۔ اس آپریشن میں پاک بحریہ نے پیشہ وارانہ مہارت اور بروقت کارروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 لاکھ ڈالر مالیت کی 1500 کلوگرام منشیات ضبط کی۔
محسن نقوی نے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان نیوی خطے میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے انتہائی مستعد، فعال اور پیشہ وارانہ انداز میں ذمہ داریاں سرانجام دے رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے نیول چیف سمیت یمامہ جہاز کے افسروں اور جوانوں کو کامیاب کارروائی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ آپریشن نہ صرف پاک بحریہ کے پروفیشنل ازم کی واضح جھلک ہے بلکہ پاکستان کو منشیات سے پاک کرنے کے عزم کا بھی واضح اظہار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسدادِ منشیات کے لیے پاک بحریہ کی یہ کوششیں قابلِ تعریف ہیں اور پوری قوم اپنے بہادر جوانوں پر فخر کرتی ہے۔ “بحریہ نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ سمندری حدود میں کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو روکنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے”، محسن نقوی نے زور دیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران ضبط کی گئی منشیات عالمی اسمگلنگ نیٹ ورک کے لیے بڑا دھچکا ہے، جبکہ اس کامیابی کے بعد علاقائی سطح پر بھی پاکستان کے انسدادِ منشیات اقدامات کو سراہا جا رہا ہے۔

