واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت کئی ممالک نے غزہ میں امن و امان کے قیام کے لیے فوجی دستے بھیجنے کے امکان پر سوالات اٹھائے ہیں اور بعد ازاں اس تجویز پر غور کرنے کی آمادگی ظاہر کی ہے، جس پر امریکا پاکستان کا شکرگزار ہے۔
واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران مارکو روبیو سے سوال کیا گیا کہ آیا پاکستان نے امریکا کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ وہ غزہ میں امن مشن کے لیے اپنے فوجی دستے بھیجنے پر رضامند ہے۔
اس سوال کے جواب میں امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا پاکستان کا شکرگزار ہے کہ اس نے غزہ امن منصوبے کا حصہ بننے یا کم از کم اس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی پیشکش کی ہے۔
مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ پاکستان اور دیگر ممالک نے اس منصوبے سے متعلق چند اہم سوالات اٹھائے ہیں، جن کے جوابات دیے جانے کے بعد ہی کسی ملک سے یہ درخواست کی جا سکے گی کہ وہ غزہ کے امن منصوبے میں عملی کردار ادا کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ کئی ایسے ممالک موجود ہیں جو اس تنازع میں شامل تمام فریقین کے لیے قابلِ قبول ہیں اور جو آگے بڑھ کر غزہ اسٹیبلائزیشن فورس کا حصہ بننے کے خواہاں ہیں۔

