امریکی بحریہ کی بڑی کارروائی: وینزویلا کی ناکہ بندی سے فرار ہونے والا روسی بحری جہاز قبضے میں لے لیا

IMG 20260107 WA2089

واشنگٹن/موسکو: امریکی بحریہ اور کوسٹ گارڈز نے ایک ڈرامائی آپریشن کے بعد شمالی بحرِ اوقیانوس (North Atlantic) میں روسی پرچم والے تیل بردار بحری جہاز "میرینیرا” (Marinera) پر قبضہ کر لیا ہے۔ یہ جہاز، جسے پہلے ‘بیلا ون’ کے نام سے جانا جاتا تھا، گزشتہ دو ہفتوں سے امریکی فورسز کے تعاقب میں تھا۔

امریکی حکام کے مطابق یہ جہاز وینزویلا پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وہاں سے نکلنے کی کوشش کر رہا تھا۔ امریکی کوسٹ گارڈ کا جہاز ‘منرو’ (USCGC Munro) کافی عرصے سے اس کا پیچھا کر رہا تھا۔

امریکی اخبارات کی رپورٹ کے مطابق، یہ ٹینکر ایک روسی آبدوز اور جنگی بحری جہاز کی حفاظتی چھتری میں سفر کر رہا تھا۔ عملے نے گرفتاری سے بچنے کے لیے جہاز پر روسی پرچم پینٹ کر دیا تھا اور اس کا نام بھی تبدیل کر لیا تھا تاکہ ماسکو کے تحفظ کا دعویٰ کیا جا سکے۔

یہ کارروائی امریکی فیڈرل کورٹ کی جانب سے جاری کردہ وارنٹ کے تحت کی گئی ہے۔ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیٹھ نے واضح کیا ہے کہ وینزویلا کے تیل پر پابندی کا عمل دنیا کے کسی بھی کونے میں پوری قوت سے جاری رہے گا۔

روسی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی سمندری قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ دوسری جانب، برطانوی وزارت دفاع نے بھی اس آپریشن میں امریکی فورسز کی معاونت کی تصدیق کی ہے۔

متعلقہ پوسٹ