کراچی (نمائندہ خصوصی) پاکستان میں مسلسل اضافے کے بعد سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور فی تولہ سونا 5 لاکھ 30 ہزار 562 روپے کی سطح پر آگیا ہے۔
صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی اور مقامی مارکیٹ میں مسلسل اضافے کے بعد سونے کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ پاکستان میں فی تولہ سونا 1500 روپے کی کمی کے بعد 5 لاکھ 30 ہزار 562 روپے کا ہوگیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونا 1286 روپے سستا ہوکر 4 لاکھ 54 ہزار 871 روپے میں آگیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 15 ڈالر کی کمی کے بعد 5082 ڈالر پر آگیا ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی کمی ہوئی ہے۔ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ چاندی 212 روپے کی کمی کے ساتھ 11 ہزار 640 روپے ہوگئی ہے، جبکہ کراچی صرافہ بازار میں فی تولہ چاندی 16 ہزار روپے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔

