اسلام آباد:
یورپی یونین کے پاکستان میں سفیر عزت مآب مسٹر رائمونڈاس کاروبلس نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں باہمی تعلقات کے فروغ اور بالخصوص جی ایس پی پلس اسکیم کے تحت تجارت بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، ترقی، سلامتی، مائیگریشن اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں۔ انہوں نے جی ایس پی پلس اسکیم کے کردار کو باہمی مفاد پر مبنی تجارتی تعلقات کے لیے اہم قرار دیا۔
وزیراعظم نے نومبر میں برسلز میں منعقد ہونے والے ساتویں پاکستان-یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ پر بھی اطمینان کا اظہار کیا، جس کی قیادت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کی تھی۔
سفیر کاروبلس نے پاکستان آمد پر وزیراعظم کے پُرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مستحکم بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے یورپی یونین کی قیادت کی جانب سے وزیراعظم کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا اور اپریل میں منعقد ہونے والے پہلے یورپی یونین-پاکستان بزنس فورم کے ذریعے اقتصادی روابط کو مزید مضبوط کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔

