لاہور: دہشت گرد حملوں کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر School Education Department Punjab نے صوبہ بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں سکیورٹی ہائی الرٹ نافذ کر دیا ہے۔
محکمہ کی جانب سے جاری مراسلے میں اسکول انتظامیہ کو سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اعلامیے کے مطابق اسکولوں میں آنے والے وزٹرز کے داخلے اور اخراج کی سخت مانیٹرنگ، شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال اور مکمل اندراج یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے۔
مزید برآں، تمام اداروں کو داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی، سی سی ٹی وی کیمروں کی فعالیت کو یقینی بنانے، سکیورٹی گارڈز کی تعیناتی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی رسپانس پلان پر عملدرآمد کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے قریبی رابطہ رکھنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دینے کی بھی تاکید کی ہے۔

