لاہور —
پنجاب حکومت کے ٹرانسپورٹ ونگ نے صوبائی کابینہ کے لیے 30 کروڑ روپے مالیت کی 28 نئی گاڑیاں خریدنے کی سفارشات حکومت کو پیش کردی ہیں۔
سرکاری دستاویز کے مطابق ان 28 گاڑیوں میں 2 وزرا کے لیے 4 کروڑ روپے مالیت کی 2 بلٹ پروف گاڑیاں بھی شامل ہیں، جن کی خریداری کی اجازت حکومت پہلے ہی دے چکی ہے۔ اس کے علاوہ وی آئی پیز کے لیے 27 کروڑ روپے مالیت کی 25 گاڑیاں خریدنے کی سفارشات بھی منظور ہوچکی ہیں۔
دستاویز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کے لیے 53 کروڑ روپے کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی خریدی جائیں گی۔
پنجاب حکومت کے حکام کا کہنا ہے کہ سفارشات کی حتمی منظوری کے بعد خریداری کا باقاعدہ عمل شروع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صوبے میں عوامی مالیات پر دباؤ اور مہنگائی کا بوجھ پہلے سے موجود ہے، جس پر حلقوں کی جانب سے تنقید کا امکان ہے۔

