نیویارک — نیویارک کے لاگارڈیا ایئرپورٹ پر اتوار کی رات ایک ہولناک حادثہ پیش آیا جب ایئر کینیڈا کی پرواز نمبر 8646 لینڈنگ کے دوران پورٹ اتھارٹی کے فائر اینڈ ریسکیو ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں طیارے کے پائلٹ اور کو پائلٹ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے اور درجنوں افراد زخمی ہوئے۔
یہ پرواز جاز ایوی ایشن کے زیرِ آپریشن تھی جو مونٹریال سے 72 مسافروں اور 4 کریو ممبران کو لے کر لاگارڈیا پہنچی تھی۔ رات گیارہ بج کر چالیس منٹ پر طیارہ رن وے 4 پر لینڈ ہی کر رہا تھا کہ فائر ٹرک رن وے پر آ گیا۔
فائر ٹرک ایک الگ واقعے کے لیے روانہ کیا گیا تھا — یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز سے عجیب بو کی شکایت پر کریو کو مدد کی ضرورت تھی۔ ایئر ٹریفک کنٹرول نے ٹرک کو رن وے کراس کرنے کی اجازت دی، مگر چند لمحوں بعد کنٹرولر نے فوری طور پر ٹرک کو روکنے کا حکم دیا — لیکن اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ آڈیو ریکارڈنگ میں کنٹرولر کی آواز سنی گئی: "Stop, Truck 1. Stop” (NPR)
پورٹ اتھارٹی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین گارشیا نے صبح سویرے پریس کانفرنس میں تصدیق کی کہ دونوں پائلٹ جاں بحق ہو گئے اور دونوں کینیڈا میں مقیم تھے۔
41 افراد کو علاقائی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جن میں 39 مسافر اور 2 فائر ٹرک کے اہلکار شامل تھے۔ بعد ازاں 32 افراد کو ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا تاہم 9 افراد ابھی بھی زیرِ علاج ہیں۔
نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے تحقیقاتی ٹیم روانہ کر دی ہے، جبکہ امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ سین ڈفی نے بھی ایئرپورٹ کا رخ کیا۔ لاگارڈیا ایئرپورٹ کو بند کر کے تمام آنے والی پروازیں دیگر ہوائی اڈوں کی طرف موڑ دی گئیں۔

