چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کا جائیکا وفد سے اہم ملاقات، اسلام آباد کے پانی کے شعبے میں بڑھے گی جاپانی تعاون

IMG 20260518 WA1927 scaled


اسلام آباد: کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین اور چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے وفد کے ساتھ پانی کے شعبے میں اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی ملاقات کی۔
ملاقات کا بنیادی مقصد اسلام آباد میں پانی کی بہتری کے منصوبوں میں جائیکا کی تکنیکی معاونت کے مزید راستے تلاش کرنا تھا۔ دونوں فریقوں نے اتفاق کیا کہ جائیکا اسلام آباد کے لیے واٹر سپلائی، سیوریج اور ڈرینج کا جامع ماسٹر پلان تیار کرے گی۔ یہ ماسٹر پلان شہر کی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 2060 تک قابل عمل ہوگا۔
ملاقات سے خطاب کرتے ہوئے سہیل اشرف نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے پائیدار اور مستقل حل تلاش کیے جائیں گے۔ انہوں نے پانی کے ضیاع کو روکنے، لائن لاسز ختم کرنے اور پانی کے بچاؤ کے متعدد اقدامات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا، ”شاہدرہ اور دوتارہ ڈیمز شہر کے لیے اہم منصوبے ہیں۔ ان کے حوالے سے جائیکا کی تکنیکی معاونت حاصل کی جائے گی۔ شاہدرہ ڈیم پر تعمیراتی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔“
چیئرمین سی ڈی اے نے سملی اور سنگجانی واٹر فلٹریشن پلانٹس کے حوالے سے بھی جائیکا کی تکنیکی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ پانی کے بنیادی انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
جائیکا وفد نے اسلام آباد میں پانی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے مکمل تکنیکی تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔
ملاقات کے بعد جائیکا کے وفد نے سملی اور سنگجانی واٹر فلٹریشن پلانٹس کا دورہ کیا اور موجودہ سہولیات کا جائزہ لیا۔
ملاقات میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن، ڈائریکٹر جنرل اسلام آباد واٹر اور دیگر متعلقہ سینئر افسران بھی شریک تھے۔

متعلقہ پوسٹ