حکومت نے کم آمدن افراد کے لیے فیول سبسڈی ایپ تیار کرلی
حکومت کا دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے کوٹہ بیسڈ فیول اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ۔
اسلام آباد: حکومت نے کم آمدن والے افراد کو ریلیف دینے کے لیے فیول سبسڈی موبائل ایپ تیار کرلی ہے۔
وزارت پیٹرولیم کے ذرائع کے مطابق اس موبائل ایپ سسٹم کی ٹیسٹنگ حتمی مراحل میں ہے۔ حکومت نے دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے کوٹہ بیسڈ فیول اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تاہم 800 سی سی تک چھوٹی گاڑیوں کو اسکیم میں شامل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ابھی زیر غور ہے۔ اوگرا اور متعلقہ وزارتوں نے فیول کوٹہ سسٹم کی تیاری مکمل کرلی ہے۔
اس نظام کے تحت صارفین کو موبائل ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل واؤچر جاری کیا جائے گا اور کوٹہ سے زیادہ فیول لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سسٹم خودکار طریقے سے اس پر کنٹرول کرے گا۔
پیٹرول پمپس پر سبسڈی والے فیول کے لیے مخصوص نوزلز مختص کیے جائیں گے۔ حکومت کی جانب سے ریٹیلرز کے لیے خصوصی موبائل ایپ بھی فراہم کی جائے گی۔ صارفین کا کوٹہ گاڑی کے رجسٹریشن نمبر اور شناختی کارڈ سے منسلک ہوگا۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیاں ہر پمپ کے لیے فوکل پرسن مقرر کریں گی جب کہ صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے 24 گھنٹے مانیٹرنگ کا نظام قائم کیا جائے گا۔
وزارت آئی ٹی کی جانب سے سسٹم استعمال کرنے کے لیے تربیتی ویڈیوز بھی فراہم کی جائیں گی جب کہ ایمرجنسی صورتحال میں فیول فراہمی کے لیے متبادل نظام بھی تیار کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ صرف دو ہفتوں میں پیٹرول و ڈیزل قیمت برقرار رکھنے پر 70 ارب روپے کا بوجھ پڑا ہے۔ بڑھتی ہوئی طلب اور زرمبادلہ کی کمی سے فیول سپلائی چین شدید دباؤ کا شکار ہے۔

