بھارتی سرحدی ٹیم پر علیحدگی پسندوں کا حملہ، متعدد اہلکار ہلاک و زخمی

ناگا علیحدگی پسند 1.webp


بھارتی سرحدی ٹیم پر علیحدگی پسندوں کا حملہ، متعدد اہلکار ہلاک و زخمی

ناگا علیحدگی پسند گروپ NSCN-KYA نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے

میانمار بارڈر پر بھارتی بارڈر فینسنگ ٹیم پر علیحدگی پسندوں نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں متعدد بھارتی فوجی ہلاک اور زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آسام رائفلز کی بارڈر فینسنگ ٹیم کو چانگلانگ ضلع میں پانگساو پاس کے قریب بارڈر پلر 172 کے مقام پر نشانہ بنایا گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق حملے میں کم از کم 4 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ناگا علیحدگی پسند گروپ NSCN-KYA نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ یہ گروپ ماضی میں بھی متعدد بار بھارتی سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا چکا ہے۔ فائرنگ کے بعد بھارتی فوج نے علاقے میں سرچ اور سیکیورٹی آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ سرحدی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

چانگلانگ ضلع ماضی میں بھی شورش اور علیحدگی پسندوں کے حملوں کا مرکز رہا ہے، خاص طور پر انڈو-میانمار سرحد پر گھات لگا کر اور بارودی مواد (IED) کے ذریعے حملوں کے کئی واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔

دفاعی ماہرین کے مطابق حالیہ حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ NSCN-KYA اب بھی فعال اور خطرناک علیحدگی پسند تنظیم ہے، جو “ناگالم” کے قیام کے لیے مسلح جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔

مزید برآں، بارڈر فینسنگ منصوبے پر مقامی آبادی کی جانب سے بھی شدید مخالفت سامنے آئی ہے، جہاں مظاہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ناگا شناخت متاثر ہو رہی ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ