ڈیرہ اسماعیل خان — خصوصی نمائندہ
پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے پارٹی قیادت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان تک صرف ان کی بہنوں کی رسائی ہے اور انہی بہنوں کی وجہ سے عمران خان جیل سے باہر نہیں آسکے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ موجودہ پارٹی قیادت نہ خود کام کرتی ہے اور نہ دوسروں کو کرنے دیتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو واپس لانے کے لیے پارٹی کو انہیں راضی کرنا ہوگا کیونکہ گنڈاپور کو ہٹانے کے لیے پارٹی نے بے بنیاد الزام تراشیاں کی تھیں۔
"پارٹی کی یہ قیادت نہ خود کام کرتی ہے، نہ دوسروں کو کرنے دیتی ہے — بہنوں کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی آج تک جیل سے باہر نہیں آسکے۔”
— شیر افضل مروت، رکن قومی اسمبلی
موجودہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر تنقید کرتے ہوئے مروت نے کہا کہ ایسے شخص کو وزیراعلیٰ بنایا گیا ہے جو پرائمری اسکول بھی نہیں چلا سکتا اور یہ کہ موجودہ وزیراعلیٰ چھ ماہ گزر جانے کے باوجود اپنی مکمل کابینہ تک نہیں بنا سکے۔
اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں کے الزامات پر شیر افضل مروت نے کہا کہ کون سا وزیراعلیٰ ہے جس کے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے نہیں ہوتے، لیکن موجودہ وزیراعلیٰ تو اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں میں علی امین گنڈاپور سے دس قدم آگے ہیں — پھر بھی گنڈاپور پر یہ الزام لگایا گیا۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ جب تک علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر گوہر کو آگے نہیں لایا جاتا، پارٹی آگے نہیں جائے گی۔

