لاہور — خصوصی نمائندہ
لاہور پولیس کے اعلیٰ حکام نے ناقص کارکردگی اور فرائض میں غفلت کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 15 پولیس افسران کی رینک میں تنزلی کر دی۔ اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکامی پر مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز اور انچارجز کو سخت سزائیں دی گئی ہیں۔
انسپکٹر سے سب انسپکٹر تنزلی:
گوالمنڈی کے ایس ایچ او آئی پی ایم یونس، نیو انارکلی کے آئی پی اختر حسین، داتا دربار کے آئی پی عثمان یونس، زکی گیٹ کے آئی پی شکیل کاشف یوسف، موچی گیٹ کے آئی پی علی زبیر مقبول اور راوی روڈ کے آئی پی آصف ذوالفقار کو انسپکٹر سے سب انسپکٹر کے عہدے پر کر دیا گیا۔ جبکہ لوئر مال کے ایس ایچ او سید نبیل محسن کو سب انسپکٹر سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر بنا دیا گیا۔
سب انسپکٹر سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر تنزلی:
بھاٹی گیٹ کے ایس ایچ او ایس آئی توصیف احمد، رنگ محل کی ایس ایچ او ایس آئی فرح مشتاق، شاد باغ کے ایس آئی سبحان الیاس اور شاہدرہ کے ایس آئی زاہد حسین کو بھی سب انسپکٹر سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کر دیا گیا۔
اس کے علاوہ اپرکاں پارک انچارج ایس آئی طاہر مسعود، میو ہسپتال پولیس پوسٹ انچارج ایس آئی زہیر احمد، سبزی منڈی انچارج ایس آئی فیصل بھٹی اور جوزف کالونی انچارج ایس آئی ایم اعظم کو بھی تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔
"اشتہاری ملزمان کی گرفتاری میں ناکامی اور ناقص کارکردگی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی — زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت مزید سخت اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔”

